سری نگر (ویب نیوز)
فسطائی بھارتی حکومت کی ظالمانہ پالیسیوں کے خلاف بدھ کو مقبوضہ کشمیر میںہڑتال رہی ۔کشمیریوں کو بے اختیار بنانے کیلئے زمینوں اور جائیدادوں سے بے دخل کرنے کی کارروائی کے خلاف ہڑتال کی اپیل کل جماعتی حریت کانفرنس نے دی تھی ۔ہڑتال کی وجہ سے نظام زندگی مفلوج ہو کر رہ گیا ۔ اس دوران مقبوضہ کشمیر کے مختلف علاقوں میں احتجاجی مطاہرے کیے گئے ۔سری نگر اور وادی کشمیر کے دیگر بڑے شہروں اور قصبوں میں دکانیں اور کاروباری ادارے بند رہے جبکہ سڑکوں پر ٹریفک کی آمدورفت انتہائی کم رہی ۔ بھارتی پولیس اور فوجیوں نے سری نگر کے لال چوک، ہری سنگھ ہائی سٹریٹ اور دیگر علاقوں میں دکانداروں کو دکانیں کھولنے پر مجبور کیا اور انہیں دھمکیاں دی کہ وہ ان کی دکانیں ضبط کر لیں گے اور ہدایات پر عمل نہ کرنے کی صورت میں بھاری جرمانہ عائد کیا جائے گا۔جموں میں قابض حکام کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا۔مظاہرین نے قابض انتظامیہ اور بھارت میں بی جے پی حکومت کے خلاف نعرے لگائے اور چھوٹے کسانوں اور غریب لوگوں کوانکی زمینوں سے جبری بے دخلی کی شدید مخالفت کی جو وہاں کئی دہائیوں سے آباد ہیں ۔مظاہرین نے بغیر کسی پیشگی نوٹس کے لوگوں کو انکی زمینوں سے بے دخل کرنے کی شدیدمذمت کی۔ انہوں نے فوری طور پرمقبوضہ کشمیر کی ریاستی حیثیت کی بحالی کا بھی مطالبہ کیا۔ انہوں نے خبردار کیاکہ اگر ان کے مطالبات نہ مانے گئے تو وہ اپنے احتجاج میں تیزی لائیں گے۔ ادھر کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین مسرت عالم بٹ نے نئی دہلی کی تہاڑ جیل سے ایک پیغام میں کہاکہ بھارت مقبوضہ جموں وکشمیر میں انسدادِ تجاوزات کے نام پر کشمیریوں سے انکی زمینیں چھین کر اور گھروں کو مسمار کر کے انسانی حقوق کی بدترین پامالی کا مرتکب ہورہا ہے۔انہوں نے کہاکہ انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں نے ان مظالم پر خاموشی اختیار کر رکھی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ بھارت حق خودارادیت کا مطالبہ کرنے پرکشمیری عوام کو اجتماعی سزا دے رہا ہے حالانکہ ان کی جدوجہد آزادی اقوام متحدہ اور سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے عین مطابق ہے۔مودی حکومت کشمیری عوام کیخلاف بلڈوزر کو ایک ہتھیار کے طور پر استعمال کررہی ہے اور عام شہریوں کے گھروں ، ان کی جائیدادوں اور دیگر تعمیرات کو مسمار کررہی ہے۔حریت چیئرمین نے کہاکہ بھارتیہ جنتا پارٹی قابض انتظامیہ کے ذریعے کشمیریوں کو زبردستی ان کی زمینوں سے بے دخل کررہی ہے تاکہ مقبوضہ علاقے کی مسلم اکثریتی شناخت کو تبدیل کیا جا سکے ۔انہوں نے عالمی برادری بالخصوص مسلم قیادت سے اپیل کی کہ وہ مظلوم کشمیریوں کی منظم نسل کشی کی کوششوں کو ناکام بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔ مسرت عالم بٹ نے کہاکہ بھارتی حکومت مقبوضہ علاقے میں اسرائیلی نقش قدم پر چل کر اپنے مذموم ایجنڈے کوآگے بڑھا رہی ہے اور سیاسی مخالفین کو دبانے کی کوشش کررہی ہے۔انہوں نے بھارتی نسل پرست حکومت کو خبردار کیاکہ وہ کشمیریوں کو نت نئے ہتھکنڈوں سے زیر کرنے کی پالیسی ترک کرے۔