• چیئرمین نیب نے وزیراعظم سے ملاقات میں کہا کہ وہ اس ماحول میں کام نہیں کر سکتے
  • وزیراعظم شہباز شریف نے میرے لیے نیک خواہشات کا اظہارکیا، آفتاب سلطان

اسلام آباد (ویب نیوز)

چیئرمین نیب آفتاب سلطان نے استعفیٰ دے دیا۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف نے چیئرمین نیب کا استعفی منظور کرلیا ہے۔ ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ چیئرمین نیب آفتاب سلطان کو مختلف معاملات پر تحفظات تھے، چیئرمین نیب نے کام میں مداخلت پر مستعفی ہونے کا فیصلہ کیا۔ چیئرمین نیب آفتاب سلطان نے وزیراعظم سے ملاقات میں کہا کہ وہ اس ماحول میں کام نہیں کر سکتے۔ذرائع کے مطابق آفتاب سلطان نے کسی کی خواہش پر کام کرنے سے انکار کردیا تھا، وہ نہیں چاہتے تھے کہ وہ سابق چیئرمین نیب جاوید اقبال کی طرح کا کردار ادا کریں۔ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ آفتاب سلطان پر کچھ گرفتاریوں کے لیے دبائوتھا لیکن انہوں نے گرفتاریوں سے انکار کر دیا۔ایک نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے سابق چیئرمین نیب آفتاب سلطان کا کہنا تھا کہ میں نے کچھ دن پہلے استعفی دیا تھا، مجھے کچھ چیزوں کے بارے میں کہا گیا جو مجھے قبول نہیں تھیں۔آفتاب سلطان کا کہنا تھا کہ میں نے بتایا کہ میں شرائط کیساتھ کام جاری نہیں رکھ سکتا، میرا استعفی قبول کرلیا گیا ہے، ہمارا  اختتام اچھے موڑ پر ہوا ہے، وزیراعظم شہباز شریف نے میرے لیے نیک خواہشات کا اظہارکیا، میری بھی ان کے لیے نیک خواہشات ہیں۔خیال رہے کہ آفتاب سلطان نے جاوید اقبال کی ریٹائرمنٹ کے بعد جولائی 2022 کو نیب کی سربراہی سنبھالی تھی۔واضح رہے کہ چیئرمین نیب آفتاب سلطان کا تعلق پولیس سروس پاکستان سے ہے اور وہ گریڈ 22 کے آفیسر ہیں، آفتاب سلطان ڈی جی آئی بی سمیت دیگر اہم عہدوں پر بھی تعینات رہے ہیں۔