ترکیہ میں ناقص تعمیرات پر184 افراد کو گرفتار کر لیا گیا
ناقص تعمیرات کے سلسلے میں تحقیقات کا دائرہ مزید وسیع کیا جا رہا ہے
استنبول(ویب نیوز)
ترکیہ میں رواں ماہ آنے والے زلزلے کے نتیجے میں گرنے والی عمارتوں سے متعلق کی جانے والی تحقیقات کے سلسلے میں 184 مشتبہ افراد کوحراست میں لیا گیا ہے جب کہ اس سلسلے میں تحقیقات کا دائرہ مزید وسیع کیا جا رہا ہے۔ ناقص تعمیرات کے الزام میں 13 پراپرٹی کے مالکان اور 18 ان افراد کو بھی گرفتار کیا گیا ہے جنہوں نے گھروں میں تبدیلیاں کی تھیں۔ترکیہ کے صدر رجب طیب ایردوان نے احتساب کا وعدہ کیا ہے۔ترکیہ کی آفتوں سے نمٹنے والے ادارے کے مطابق زلزلے کے بعد لگ بھگ 20 لاکھ بے گھر افراد عارضی ٹھکانوں میں زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں تین لاکھ 35 ہزار سے زائد ٹینٹ لگائے گئے ہیں جب کہ 130 مقامات پر کنٹینرز سے بنے گھر قائم کیے گئے ہیں۔ادارے کے مطابق پانچ لاکھ 30 ہزار کے قریب لوگوں کو زلزلے سے متاثرہ علاقوں سے ریسکیو کیا گیا ہے۔ رواں ماہ چھ فروری کو آنے والے زلزلے سے اب تک 44 ہزار 128 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جب کہ ترکیہ کے ہمسایہ ملک شام میں ہونے والی اموات کے بعد ہلاکتوں کی کل تعداد 50 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے۔