- عدالتی حکم کے باوجود فرد جرم عائد کرنے کے لئے عدالت میں پیش نہیں ہوئے
- عمران خان کو گرفتار کر کے آئندہ سماعت پر 7مارچ کوعدالت میں پیش کرنے کاحکم
اسلام آباد (ویب نیوز)
ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج اسلام آباد ظفر اقبال نے توشہ خانہ کیس میں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے۔ عدالت نے حکم دیا ہے کہ عمران خان کو گرفتار کر کے آئندہ سماعت پر 7مارچ کوعدالت میں پیش کیا جائے ۔ عمران خان کے توشہ خانہ کیس میںالیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے فوجداری کاروائی کرنے کے حوالہ سے دائر کیس میں ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری ہوئے ۔عدالت نے پولیس کو حکم دیا ہے کہ وہ عمران خان کو گرفتار کر کے آئندہ سماعت پر 7مارچ کوعدالت میں پیش کرے۔عدالت نے قراردیا ہے کہ عمران خان پیش نہ ہوئے، ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کیے جاتے ہیں۔ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج اسلام آباد ظفر اقبال نے منگل کے روز عمران خان کے خلاف توشہ خانہ کیس سماعت کی۔عدالت نے عمران خان کو فرد جرم عائد کرنے کے لئے طلب کررکھا تھا لیکن وہ عدالتی حکم کے باوجود پیش نہیں ہوئے۔ دوران سماعت عدالت کا کہنا تھا کہ کیا جب عمران خان کے وارنٹ نکالے جائیں گے تو پھر وہ عدالت میں پیش ہوں گے۔ اس پر عمران خان کے وکیل سید محمد علی بخاری کی جانب سے بتایا کہ سیکیورٹی رسک کی وجہ سے عمران خان نہیں آسکتے، اگلی پیشی پر عمران خان عدالت میں پیش ہو جائیں گے، عمران خان کیسز کے بینکنگ کورٹ اور ضمانت کے لئے ہائی کورٹ میں پیش ہوررہے ہیں، آج کے لئے حاضری سے استثنیٰ دیا جائے۔دوران سماعت اسپیشل پراسیکیوٹر اور الیکشن کمیشن آف پاکستان کے وکلاء کی جانب سے عمران خان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست کی مخالفت کی گئی اور عدالت سے عمران خان کے وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کی استدعا کی گئی۔ عدالت نے فریقین کے دلائل سننے کے بعد کیس کی سماعت ساڑھے تین بجے تک ملتوی کی تھی اور قراردیا تھا کہ ساڑھے تین بجے عمران خان کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست پر فیصلہ سنایا جائے گا۔ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج اسلام آباد ظفر اقبال نے اپنے فیصلے میں قراردیا ہے کہ عمران خان کو آج فرد جرم عائد کرنے کے لئے طلب کیا گیا تھا لیکن وہ پیش نہیں ہوئے۔عدالت نے پولیس کو حکم دیا ہے کہ وہ عمران خان کو گرفتار کر کے عدالت میں پیش کریں۔ عدالت کا کہنا تھا کہ ہم نے ساڑھے تین بجے تک انتظار کیا تاہم عمران خان عدالت میں پیش نہیں ہوئے۔ عدالت نے توشہ خانہ کیس کی مزید سماعت سات مارچ تک ملتوی کردی۔ دوران سماعت عمران خان نے پیش ہو کر کیس کی سماعت پانچ روز تک ملتوی کرنے کی استدعا کی تھی ۔ جس پر عدالت نے برہمی کااظہار کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان جوڈیشل کمپلیکس میں پیش ہوسکتے ہیں ، کچہری میں نہیں، عمران خان جوڈیشل کمپلیکس پیش ہوجائیں گے اُدھر کے لئے ٹائم نہیں بچے گا، یہ کون سا طریقہ ہے، اِدھر فرد جرم عائد ہونا ہے ، اِدھر آجائیں ، فرد جرم عائد ہو جائے پھر چلے جائیں۔ عدالت نے فیصلہ سناتے قراردیا کہ ہم نے عدالت کے اوقات کار ختم ہونے تک عمران خان کا انتظار کیا لیکن عمران خان پیش نہیں ہوئے اس لئے ان کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کئے جاتے ہیں۔ عدالت نے پولیس کو حکم دیا ہے کہ وہ عمران خان کو گرفتار کر کے 7مارچ کو پیش کرے۔