اسلام آباد (ویب نیوز)
ملک میں ماہ رمضان سے پہلے ہی مہنگائی کنٹرول سے باہر ہوگئی ،گزشتہ ایک ہفتے کے دوران آٹا، چینی، تیل سمیت 39 بنیادی اشیا مزید مہنگی ہوگئیں۔وفاقی ادارہ شماریات کے مطابق گزشتہ ہفتے ٹماٹر، آلو، پیاز، چینی، کوکنگ آئل ، آٹے اور چائے کی پتی سمیت 39 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا۔ایک ہفتے کے دوران ایل پی جی، چکن، انڈے، لہسن اور دال مونگ سمیت آٹھ چیزیں سستی ہوئیں جبکہ چودہ کی قیمتوں میں استحکام رہا۔وفاقی ادارہ شماریات کے مطابق سالانہ بنیاد پر پیاز 305 فیصد، انڈے 78 فیصد ، دالیں 72فیصد تک مہنگی ہوئیں۔ایک سال کے دوران ڈیزل کے نرخ میں 94 فیصد جب کہ پیٹرول کے نرخ میں 78 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔دوسری جانب گزشتہ سال کی نسبت ٹماٹر 42 فیصد اور سرخ مرچ 7.5 فیصد سستی ہوئی.