- وزارت دفاع اور متعلقہ حکام اجلاس میں الیکشن کمیشن کو بریفنگ دیں گے
- پنجاب میں پولیس کے علاوہ 2 لاکھ97 ہزار اور کے پی 56 ہزار مزید نفری درکار ہوگی، حکام
اسلام آباد (ویب نیوز)
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے پنجاب اور خیبر پختونخوا میں ا نتخابات کے لئے سکیورٹی سے متعلق اجلاس آئندہ ہفتے منگل کو دوبارہ بلانے کا فیصلہ کیا ہے، وزارت دفاع اور متعلقہ حکام الیکشن کمیشن کو بریفنگ دیں گے،الیکشن کمیشن نے پنجاب اور خیبر پختونخوا میں انتخابات کیلئے ساڑھے 3 لاکھ اضافی نفری مانگ لی۔الیکشن کمیشن میں چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی زیر صدارت پنجاب اور کے پی میں الیکشن کیلئے سکیورٹی سے متعلق اہم اجلاس ہوا ، اجلاس میں دونوں صوبوں کی سی ٹی ڈی اور حساس ادروں کے نمائندے بھی شریک ہوئے جبکہ حساس اداروں کی جانب سے امن وامان کی صورتحال پر بریفنگ دی گئی۔، الیکشن کمیشن نے اداروں کی سیکورٹی کے حوالے سے بریفنگ دی اور دونوں صوبوں کے انتخابات کیلئے 3 لاکھ 53 ہزار اضافی نفری مانگ لی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ حکام کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پنجاب میں پولیس کے علاوہ 2 لاکھ97 ہزار دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار درکار ہوں گے جبکہ خیبر پختونخوا میں 56ہزار مزید نفری درکار ہوگی۔بریفنگ دیتے ہوئے حکام نے بتایا کہ دونوں صوبوں میں تقریبا 67 ہزار پولنگ اسٹیشنز قائم کیے جائیں گے، پنجاب میں تقریبا 52ہزار جبکہ کے پی میں 15ہزار پولنگ اسٹیشن قائم ہوں گے۔ ڈی آر اوز انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز کی نشاندہی کریں گے جبکہ انتہائی حساس پولنگ اسٹیشن میں سی سی ٹی وی کیمروں کے علاوہ دیگر ادروں کے سکیورٹی اہلکار درکار ہوں گے۔ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن نے الیکشن سکیورٹی سے متعلق آئندہ ہفتے دوبارہ اجلاس بلانے کا فیصلہ کیا ہے ،اجلاس میں الیکشن کمیشن آف پاکستان کو خیبر پختونخوا میں سیکیورٹی خدشات پر بریفنگ دی گئی۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ سیکیورٹی حکام نے بتایا کہ خیبر پختونخوا میں سیکیورٹی خدشات بہت زیادہ ہیں، وہاں اس وقت ٹی ٹی پی بہت متحرک ہے۔ اسی سلسلے میں وزارت دفاع اور متعلقہ حکام منگل کو ہونے والے اجلاس میں الیکشن کمیشن کو بریفنگ دیں گے۔ الیکشن کمیشن تمام اداروں کی بریفنگ کے بعد آئندہ ہفتے الیکشن سکیورٹی سے متعلق اہم فیصلے کریگا۔