کارکن کی ہلاکت اور دوران حراست تشدد پر عدلیہ کب حرکت میں آئے گی؟ عمران خان
یہ تشدد ہمارے آئین ہی نہیں بلکہ عالمی سطح پر ہماری قانونی ذمہ داریوں سے بھی متصادم ہے،چیرمین پی ٹی آئی
لاہور(ویب نیوز)
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ ہمارے کارکن علی بلال پر وحشی درندوں سے بھی بدتر لوگوں نے بدترین تشدد کیا، عدلیہ کب اس کے خلاف حرکت میں آئے گی۔عمران خان نے اپنے بیان میں کہا کہ انسان رب العزت کی عظیم ترین تخلیق ہے لیکن جب وہ جب گرتا ہے تو حیوانات تک کو پیچھے چھوڑ جاتا ہے۔ وہ وحشی جنہوں نے تشدد سے ہمارے ظلِ شاہ(علی بلال) کی جان لی،درندوں سے بھی بدتر ہیں۔چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ انہوں نے نفسیاتی طور پر مجہول اور دماغی خلل کے شکار ایک شخص کی نگرانی میں اعظم سواتی،شہباز گِل اور بہت سے سیاسی کارکنان کو زیرِحراست تشدد کانشانہ بنایا، دورانِ حراست تشدد کی اس رسمِ بد کے خاتمے کیلئے ہماری عدلیہ کب حرکت میں آئے گی۔انہوں نے کہا کہ یہ تشدد ہمارے آئین ہی نہیں بلکہ عالمی سطح پر ہماری قانونی ذمہ داریوں سے بھی متصادم ہے، پاکستان بطور ریاست تشدد کے خلاف عالمی کنونشن (CAT)کاحصہ ہے،علاوہ ازیں حماد اظہر نے لاہور میں پی ٹی آئی اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کی اور کہا کہ آج کے اجلاس میں ظل شاہ کے قتل پر گفتگو ہوئی۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ 2 روز سے ہونے والے ظلم اور ستم کا جائزہ لیا گیا، اجلاس میں دیکھا گیا کہ نگراں حکومت نے کس طرح دفعہ 144 کا نفاذ کیا۔حماد اظہر نے مزید کہا کہ ظل شاہ کے معاملے پر پارٹی میں شدید غم اور غصہ پایا جاتا ہے، ہم دیکھتے ہیں اس معاملے پر کیا قانونی کارروائی کرنی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ملک میں آئین کی بالادستی ہمارے آئین کا حصہ ہے، ن لیگ نے ہمیشہ کوشش کی عدلیہ کے خلاف بیانیہ بنائے۔پی ٹی آئی رہنما نے یہ بھی کہا کہ اب ایسا کوئی بیانیہ بننے نہیں دیں گے، ابھی انتخابی مہم کے جلسے کے حوالے سے کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔حماد اظہر نے کہا کہ ہفتہ کو ظل شاہ کے حوالے سے دعائیہ تقریبات ہوں گی ۔