ملک میں سیاسی اور معاشی استحکام کو یقینی بنانے مزید کام کرنا ہے،یوم قرارداد پاکستان پرپیغام
اسلام آباد (ویب نیوز)
صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ جدوجہد اورمحنت سے ہم پاکستان کو ایک مضبوط اور خوشحال ملک بنا سکتے ہیں، بانیانِ پاکستان جن کی جدوجہد اور قربانیوں کی بدولت پاکستان معرضِ وجود میں آیا ان کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔یوم قرارداد پاکستان کے موقع پر قوم کے نام پیغام میں انہوںنے کہا کہ یوم ِ پاکستان کے موقع پر پوری پاکستانی قوم کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ آج کے دن 1940 میں برصغیر کے مسلمانوں نے قرارداد ِ پاکستان منظور کی اور ایک علیحدہ وطن کا مطالبہ کیا کہ جہاں وہ اسلامی نظریات کے مطابق آزادی سے اپنی زندگی بسر کر سکیں۔ آج ہم بانیانِ پاکستان ، جن کی جدوجہد اور قربانیوں کی بدولت پاکستان معرضِ وجود میں آیا ، کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں ۔بھارت میں اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں پر ظلم و ستم؛ ہندوتوا کی بڑھتی ہوئی لہر اور مسلمانوں کے خلاف تشدد؛ انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں، اور غیر قانونی طور پر بھارتی زیرتسلط جموں و کشمیر میں بھارتی سکیورٹی فورسز کی طرف سے جاری مظالم اس بات کا ثبوت ہیں کہ اس وقت کی مسلم قیادت نے ایک دانشمندانہ فیصلہ کیا تھا۔یہ دن بحیثیت قوم ہمیں اپنی کامیابیوں اور ناکامیوں کا جائزہ لینے کی بھی یاد دہانی کراتا ہے، آزادی کے وقت ہمیں مہاجرین کی آباد کاری اور بحالی، نوزائیدہ ریاست کے آئینی اور انتظامی مسائل، سلامتی کے خطرات، نئی ریاست کو مضبوط سماجی، اقتصادی اور صنعتی بنیادوں پر استوار کرنے اور تنازعہ جموں و کشمیر جیسے بہت سے چیلنجز کا سامنا تھا۔ ان چیلنجز کے باوجود ہم نے اپنی مسلسل محنت اور قابلیت سے ہر شعبے میں شاندار کامیابیاں حاصل کیں،ہم نے ریاستی ادارے قائم کئے، اپنے دفاع کو ناقابل تسخیر بنایا، جوہری صلاحیت حاصل کی ،دہشت گردی اور کورونا پر قابو پایا، اور قدرتی آفات کے دوران قربانی اور تعاون کے جذبے کا مظاہرہ کیا۔ انہوںنے کہا کہ ہمیں قانون کی حکمرانی یقینی بنانے، جمہوریت کو مضبوط کرنے ، اپنے معاشرے میں عدم مساوات کو کم کرنے، خواتین کو بااختیار بنانے؛ خصوصی افراد کے حقوق کی فراہمی ، دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خاتمے، اپنے شہریوں کے انسانی حقوق کا تحفظ کرنے اور ملک میں سیاسی اور معاشی استحکام کو یقینی بنانے کے لئے بھی مزید کام کرنا ہے۔ماضی میں ہماری کامیابیوں کو مدِ نظر رکھتے ہوئے ، میرا پختہ یقین ہے کہ ہم پاکستان کو درپیش چیلنجز پر قابو پانے کی مکمل صلاحیت رکھتے ہیں۔ اگر ہم اتحاد، ایمان اور نظم و ضبط کے ساتھ کام کرتے رہیں تو ہم پاکستان کو ایک مضبوط اور خوشحال ملک بنا سکتے ہیں۔ اللہ تعالی ہم سب کا حامی و ناصر ہو۔ آمین ۔