پرویزالٰہی کو دل کی تکلیف ،پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی میں چیک اپ کے بعدجیل منتقل
ای سی جی کی گئی،پرویزالٰہی کے ٹیسٹ نارمل آئے، افسران اور پولیس کی بھاری نفری ہسپتا ل میں موجود رہی
لاہور(ویب نیوز)
سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویزالٰہی کو جیل میں دل میں تکلیف ہونے پر چیک اپ کے لیے پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی لایا گیا،چیک اپ کے بعد ٹیسٹ بہتر ہونے پر انکو واپس جیل منتقل کردیا گیا۔پی ٹی آئی کے مرکزی صدر چوہدری پرویزالٰہی کو لاہور کی کیمپ جیل میں اچانک دل میں تکلیف محسوس ہوئی،جس پرپرویز الٰہی کو جیل سے پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی ہسپتا ل لایا گیا۔ پرویزالٰہی کی اہلیہ،پرویزالٰہی کی بہن اطلاع ملنے پران سے ملاقات کے لیے ہسپتال آئیں،پولیس کی جانب سے انکو پرویزالٰہی سے نہ ملنے دیا گیا، پرویز الٰہی تقریبا ًساڑھے تین گھنٹے ہسپتال میں وہیل چیئر پر بیٹھے رہے،انکی ای سی جی اورایکو کارڈیو کی گئی۔ پرویزالٰہی کے ٹیسٹ نارمل آئے جس کے بعد انکو دوبارہ کیمپ جیل منتقل کردیا گیا، قائم مقام ڈی آئی جی آپریشنزعمران کشور سمیت دیگر افسران اور پولیس کی بھاری نفری ہسپتا ل میں موجود رہی، پرویزالٰہی کو سخت سکیورٹی حصارمیں ہسپتا ل سے جیل لے جایا گیا۔