سری نگر کی تاریخی جامع مسجد سیل،میر واعظ عمر فاروق گھر میں نظر بند
کشمیریوں کوجامع مسجد میں نماز جمعہ ادار کرنے سے محروم کر دیا گیا
سری نگر(ویب نیوز )
بھارتی قابض انتظامیہ نے سری نگر کی تاریخی جامع مسجد کو سیل کر کے کشمیریوں کوجامع مسجد میں نماز جمعہ ادار کرنے سے محروم کر دیا جبکہ میر واعظ عمر فاروق کو گھر میں نظر بند کر دیا ہے ۔جمعہ کوسری نگر کی تاریخی جامع مسجد میں نماز جمعہ ادا نہیں کی جاسکی ۔ جامع مسجد کی انجمن اوقاف نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ بی جے پی حکومت کے بھارتی پولیس اہلکاروں نے مسجد کے دروازے بند کر دیے ہیں۔پولیس حکام نے انجمن اوقاف کو مطلع کیا ہے کہ جامع مسجد سری نگر میں نماز جمعہ ادا کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔دریں اثنا حکام نے حریت کانفرنس کے سینئر رہنما میر واعظ عمر فاروق کو دوبارہ گھر میں نظر بند کر دیا ہے اور انہیں سری نگر میں ان کی رہائش گاہ سے باہر آنے کی اجازت نہیں دی جا رہی ہے۔سری نگر میں ان کی رہائش گاہ اور جامع مسجد کے باہر بھارتی پیرا ملٹری اور پولیس اہلکار تعینات کر دیے گئے ۔یاد رہے میر واعظ عمر فاروق چار سال کی نظر بندی کے بعد حال ہی میں رہا ہوئے تھے ۔