الیکشن کمیشن نے انتخابی نشانات الاٹ کرنے کی فہرستیں جاری کر دیں
اسلام آباد سے شعیب شاہین کو شوز ، مصطفی نواز کھوکھر گھڑی، خواجہ سرا امیدوارکو سبز مرچ ،راجہ خرم نواز انار کے نشان پر الیکشن لڑیں گے
علی بخاری پیراشوٹ ،اعجاز احمد شاہ مور ، وسیم قادر وکٹ،آغا علی حیدر شیر،میاں اظہروکٹ،شاہجہان بھٹی کوتیر کا نشان الاٹ کیا گیا
لاہور( ویب نیوز)
الیکشن کمیشن پاکستان نے انتخابی نشانات الاٹ کرنے کی لسٹیں جاری کر دیں۔اسلام آباد کے 3حلقوں سے مجموعی طور پر 119امیدواروں کو انتخابی نشانات جاری کئے گئے ۔قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 46میں مجموعی طور پر 44امیدوار میدان میں اتریں گے۔این اے 46سے 29امیدوار آزاد حیثیت اور 16جماعتوں کے امیدوار قسمت آزمائی کریں گے۔این اے 46میں آزاد امیدوار مصطفین کاظمی کا انتخابی نشان پیرا شوٹ اور شعیب شاہین کا انتخابی نشان شوز ہو گا۔علاوہ ازیں این اے 47 سے مجموعی طور پر37 امیدوار میدان میں اتریں گے، یہاں سے 25 آزاد امیدوار انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں جبکہ 12 مختلف سیاسی جماعتوں کے امیدوار بھی میدان میں ہیں۔این اے 47 میں آزاد امیدوار چوہدری الیاس مہربان کو بیٹری، مصطفی نواز کھوکھر کو گھڑی، خواجہ سرا امیدوار کو سبز مرچ انتخابی نشان دیا گیا ہے۔دوسری جانب این اے 48 میں مجموعی طور پر 38 امیدوار میدان میں اتریں گے، یہاں سے 11 جماعتوں کے امیدوار اور 27 آزاد حیثیت میں الیکشن لڑیں گے۔این اے 48 سے آزاد امیدوار راجہ خرم نواز انار کے نشان پر میدان میں اتریں گے جبکہ علی بخاری پیراشوٹ کے نشان پرالیکشن لڑیں گے۔لاہور کی قومی اسمبلی کی 14 نشستوں پر بھی امیدواروں کو نشانات الاٹ کر دیئے گئے۔ پاکستان تحریک انصاف کے امیدواروں کو آزاد حیثیت سے مختلف انتخابی نشانات الاٹ کئے گئے۔این اے 121 سے تحریک انصاف کے وسیم قادر وکٹ اور این اے 122 سے سردار لطیف کھوسہ ایلفابیٹ k کے نشان سے الیکشن میں حصہ لیں گے۔این اے 123 سے تحریک انصاف کے امیدوار افضل عظیم ریڈیو اور این اے 124 سے ضمیر ایڈووکیٹ ڈولفن کے انتخابی نشان سے میدان میں اتریں گے۔این اے 127 سے ظہیر عباس کو کلاک دیا گیا اور این اے 128 سے سلمان اکرم ریکٹ کے میدان سے قسمت آزمائی کریں گے۔این اے 129 سے میاں اظہرکو وکٹ اور این اے 130 سے تحریک انصاف کی ڈاکٹر یاسمین راشد کو لیپ ٹاپ کا انتخابی نشان دیا گیا۔ این اے 119 پر ندیم شیروانی کو کرکٹ اسٹمپ کا انتخابی نشان الاٹ ہوا۔دوسری جانب سوات میں این اے 4 پر سہیل سلطان کو بکری، پی کے 4 پر علی شاہ خان کو کھسہ، پی کے پانچ پر اختر خان ایڈووکیٹ کو پریشر ککر کا نشان ملا۔ننکانہ صاحب کے حلقہ این اے 112 کے امیدواراعجاز احمد شاہ کو آزاد حیثیت سے مور کا انتخابی نشان الاٹ کر دیا گیا ہے جبکہ مسلم لیگ ن کی شذرہ منصب کو شیر کا نشان الاٹ کیا گیا ہے۔پیپلز پارٹی کے رائے شاہجہان بھٹی کو تیر اور ایم کیو ایم کے آغا محمد علی کو پتنگ کا نشان الاٹ ہو گیا ہے۔پی پی 135 سے بھی امیدواروں کو انتخابی نشانات الاٹ کر دیئے گئے ۔پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ جمیل حسن گڈ خان کو لیپ ٹاپ کا انتخابی نشان الاٹ کر دیا گیا جبکہ مسلم لیگ نواز کے آغا علی حیدر کو شیر کا نشان دے دیا گیا ۔رائے ولایت کھرل پیپلز پارٹی کے انتخابی نشان تیر سے انتخابات میں حصہ لیں گے جبکہ آزاد امیدوار رانا ذوالقرنین کو گھڑیال کا انتخابی نشان الاٹ کر دیا گیا ۔رائے اسلم کھرل آزاد حیثیت سے حقے کے انتخابی نشان سے انتخابات میں حصہ لیں گے۔پشاور سے قومی اسمبلی کے 5 اور صوبائی اسمبلی کے 13 حلقوں کے امیدواروں کو بھی نشانات الاٹ کر دئیے گئے۔ پیپلز پارٹی کے امیدواروں کو تیر، مسلم لیگ ن کے امیدواروں کو شیر اور عوامی نیشنل پارٹی کو لالٹین کا انتخابی نشان الاٹ کیا گیا ۔ جماعت اسلامی کو ترازو، جے یو آئی ف کو کتاب، قومی وطن پارٹی کو چراغ، پی ٹی آئی پارلیمنٹیرین کو پگڑی، پاکستان تحریکِ انصاف نظریاتی کو بیٹسمین کا نشان الاٹ کیا گیا ۔ استحکام پاکستان پارٹی کو عقاب، ایم کیو ایم کوپتنگ اور تحریکِ لبیک پاکستان کو کرین کا انتخابی نشان دیا گیا ۔