10لاکھ طلبہ و طالبات اورایک لاکھ اساتذہ کو فری آئی ٹی کورسز کروائیں گے حافظ نعیم الرحمن کا اعلان
جماعت اسلامی نوجوانوں کو مضبوط کرے گی،نوجوان ملک چھوڑنے کے بجائے جماعت اسلامی کی جدوجہد کا حصہ بنیں
کراچی میں ضلع جنوبی کے تحت بنوقابل ایپٹی ٹیوٹ ٹیسٹ سے خطاب
کراچی(ویب نیوز)
امیرجماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ حکمرانوں کی نالائقی و نااہلی کی وجہ سے نوجوان مایوس ہوکر ملک چھوڑنے کا سوچ رہے ہیں،5سے 15سال کی عمر کے 2کروڑ 62لاکھ بچے ملک میں ایسے ہیں جنہیں اسکول جانا چاہیے لیکن وہ نہیں جارہے ،ریاست کی ذمہ داری ہے کہ ان بچوں کو مفت تعلیم دے،نوجوان ملک کا سرمایہ ہیں، جماعت اسلامی نوجوانوں کو مضبوط اورمتحد کرے گی،آئندہ ایک سال میں دس لاکھ طلبہ وطالبات کو فری آئی ٹی کورسز اور ایک لاکھ سے زائد اساتذہ کو بنیادی فری آئی ٹی ایجوکیشن دیں گے جو 50لاکھ طلبہ وطالبات کو اپنے اپنے اسکولز میں کورسز کروائیں گے ۔نوجوان مایوس ہوکر ملک چھوڑنے کے بجائے جماعت اسلامی کی جدوجہد کا حصہ بنیں تاکہ انہیں عزت،روزگار اورامن ملے ، نوجوان جماعت اسلامی کی تعلیم عام کرنے کی جدوجہد میں بھی رضاکار بنیں اور سوشل میڈیا کے درست استعمال اورآئی ٹی کورسزکی تعلیم سے اپنا اور ملک و قوم کا مستقبل بہتر کریں ۔کراچی صرف پورے ملک کا ہی نہیں اس خطے کا بھی آئی ٹی حب بن سکتا ہے ،آئی ٹی پلیٹ فارم کے ٹھیک ہونے سے ہم7بلین ڈالر کی ایکسپورٹ کرسکتے ہیں۔بدقسمتی سے گزشتہ 5سال آئی ٹی منسٹر کراچی سے رہے لیکن انہوں نے آئی ٹی کے میدان میں نوجوانوں کے لیے عملاً کچھ نہیں کیا،آج بھی صوبے او روفاق میں فارم 47والے حکمران مسلط ہیں ، ان سے نجات حاصل کرنا ضروری ہے۔ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی ضلع جنوبی کے تحت ریلوے گراؤنڈ،آئی آئی چند ریگر روڈ میں ہزاروں طلبہ و طالبات کو ویب ڈویلپمنٹ، ویب ڈیزائننگ، ایمزون اور آئی ٹی کے دیگر مفت کورسز کروانے کے لیے ”الخدمت بنوقابل ایپٹی ٹیوٹ ٹیسٹ ”سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ حافظ نعیم الرحمن کے خطاب سے قبل تمام شرکاء نے کھڑے ہوکر قومی ترانہ کورس کی صورت میں پڑھا۔بعد ازاں بنوقابل کا ترانہ بھی پیش کیا گیا ۔ٹیسٹ میں ہزاروں طلبہ و طالبات نے شرکت کی جن سے ایک گھنٹے کا تحریری ٹیسٹ لیا گیا ۔بنوقابل ٹیسٹ کی تقریب سے امیرجماعت اسلامی کراچی و صدر الخدمت کراچی منعم ظفرخان ،امیرجماعت اسلامی ضلع جنوبی سید عبد الرشید ،الخدمت کراچی کے سی ای اونوید علی بیگ ، قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد، اسلامی جمعیت طلبہ کراچی کے ناظم آبش ودیگر نے بھی خطاب کیا ۔سرفراز احمدکا اسٹیج آمد پر بنوقابل ٹیسٹ کے شرکاء نے شاندار استقبال کیا۔سرفراز احمد نے الخدمت کی کوششوں کو خراج تحسین پیش کیا اور شرکاء کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔اس موقع پر بنو قابل پروگرام سے کورس کرنے والے طلبہ و طالبات کے تاثرات اورکامیابی پر مشتمل ڈاکومینٹری بھی دکھائی گئی ،بنوقابل پروگرام 1.0کی طالبہ ماہرہ نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ انہوں نے ڈیجیٹل مارکیٹنگ کورس مکمل کیا او رآج سوشل میڈیا مارکیٹنگ منیجر ہیں ،حافظ نعیم الرحمن سمیت دیگر قائدین اور ٹیسٹ دینے والے بہت سے لڑکے اور لڑکیوں نے اہل غزہ و فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے یے مخصوص فلسطینی رومال پہنے ہوئے تھے ۔گراؤنڈ میں قائدین کے خطاب کے لیے ایک بڑا اسٹیج تیار کیا گیا تھا جس پر ایک بہت بڑا سا بل بورڈ لگا ہوا تھا جس پر تحریر تھا کہ اب وقت ہے آگے بڑھنے کا ،اسٹیج کے عقب میں ایس ایم ڈی لگائی گئی تھی جس پر بنوقابل پروجیکٹ کے بارے میں بتایاجارہا تھا۔وسیع و عریض سٹی ریلوے گراؤنڈ میں شریک طلبہ وطالبات کے لیے ہزاروں کرسیوں کا انتظام کیا گیا تھا ، طلبہ و طالبات کی غیر معمولی حاضری کے باعث جگہ تنگ پڑگئی جس کے بعد فرشی نشستوں کا اہتمام کیا گیا ۔حافظ نعیم الرحمن نے مزید کہاکہ ریلوے گراؤنڈ مکمل طورپر بھر گیا ، اس کا سہرا جماعت اسلامی اور الخدمت ضلع جنوبی کی پوری ٹیم کو جاتا ہے ۔آج ہزاروں طلبہ وطالبات ایپٹی ٹیوٹ ٹیسٹ دے رہے ہیں جنہیں ہم فری آئی ٹی کورس کروائیں گے اورایسی اسکلز سکھائیں گے جس سے گھر بیٹھے فری لانس کا کام کرسکیں گے ۔جماعت اسلامی کی بہت بڑی کامیابی ہے کہ لاکھوں روپے کے کورسز فری میں کروائے جارہے ہیں،جماعت اسلامی نے بنوقابل پروجیکٹ 1.0،2.0مکمل کیااور اب 3.0شروع ہورہا ہے ،بنوقابل پروگرا م کراچی سے آگے بڑھ کر اب پورے ملک کا پروگرام بن گیا ہے،حکومت و ریاست کی ذمہ داری ہے کہ عوام سے ٹیکس وصول کرنے کے بعد عوام کو تعلیم اور صحت کی سہولیات فراہم کریں ،غریب لوگوں کے لیے معیاری تعلیم کے دروازے بند کردیے گئے ہیں،غریب عوام پر بجلی کے بلو ںکا بوجھ اور بھاری ٹیکس لگائے جارہے ہیں ، تعلیم مہنگی کی جارہی ہے ،ایسی تمام صورتحال میں نوجوانوں مایوس ہورہے ہیں اور ملک چھوڑکر جانا چاہتے ہیں ،جماعت اسلامی نوجوانوں کو تنہا نہیں چھوڑسکتی۔ملک میں 65فیصد آبادی نوجوانوں پر مشتمل ہے ،یہی 65فیصد نوجوان اس ملک کو آگے بڑھائیں گے ۔میںبنوقابل ایپٹی ٹیوٹ ٹیسٹ کے شرکاء کو مبارک باد دیتاہوں جو فری آئی ٹی کورس کا حصہ بنے ۔انہوں نے مزیدکہاکہ سوشل میڈیا کی طاقت بہت بڑی طاقت ہے ،جسکے نتیجے میں یورپ کے طلبہ و طالبات فلسطین کے حق میں کھڑے ہوئے ہیں ،ہم سوشل میڈیا کے درست استعمال پر ایک قوت بن سکتے ہیں ،اگر چند لوگوں نے ملک پر قبضہ کیا اور ڈبودیا ہے تو اس میں ملک کاقصور نہیں ہے ، ہمیں اپنا حق حاصل کرناہے ،یہی پاکستان پورے خطے کو لیڈ کرے گا،نوجوانوں چیلنج کو قبول کریں اور علم کے میدان میں آگے بڑھیں ۔منعم ظفر خان نے کہاکہ آج کا بنوقابل ایپٹی ٹیوٹ ٹیسٹ ایسے نوجوانوں کے لیے ہے جو ملک کا مستقبل ہیں ۔وطن عزیز کی تعمیر کے لیے بنوقابل پروجیکٹ کا آغاز کیا گیا۔بنو قابل پروگرام کراچی کے طلبہ وطالبات کے لیے ایک ٹرننگ پوائنٹ ہے ۔ بنو قابل پروگرام ایک گیم چینجرز پروگرام ہے اس سے نہ صرف کراچی کے نوجوانوں بلکہ پورے کراچی کا مستقبل بہتر بنے گا ۔الخدمت و جماعت اسلامی کے تحت دوبیجز پاس ہوچکے ہیں اور اپنے والدین کا سہارا بن رہے ہیں۔الخدمت بنوقابل پروگرام میں 20ہزار سے زائد طلبہ و طالبات کورسز مکمل کرچکے ہیں۔آج بنوقابل ٹیسٹ میں 30ہزار سے زائد طلبہ و طالبات شامل ہیں۔ہماری کوشش ہوگی کہ آج کے ٹیسٹ میں شریک تمام ہی طلبہ و طالبات کو فری آئی ٹی کورس کروائیں۔نوجوانوں کو وطن عزیز کے لیے کام کرنا ہے اور والدین کا سہارا بننا ہے ۔نوجوانوں کو تعلیم مہیا کرنا دراصل ریاست کا کام ہے ۔کراچی کے نوجوان مایوس ہیں ، انہیں تعلیم ،صحت جیسی بنیادی سہولیات میسر نہیں ہیں۔جماعت اسلامی کراچی کے نوجوانوں کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑے گی ۔کراچی میں جماعت اسلامی کے 9ٹاؤنز ہیں ، ہم ٹاؤنز کی سطح پر بھی فری آئی ٹی کورس کروائیں گے ۔کراچی کے طلبہ وطالبات آنے والے چیلنجز کا مقابلہ کریں گے اور اپنا روزگارخود حاصل کرسکیں گے۔سید عبد الرشید نے کہاکہ آج جماعت اسلامی نے سٹی ریلوے گراؤنڈ میں ہزاروں طلبہ و طالبات کو ان کے مستقبل کو سنوارنے اور روشن بنانے کے لیے جمع کیا ہے ،الخدمت بنوقابل پروگرام اب کراچی سے بڑھ کر پورے ملک میں شروع کردیا گیا ہے ،جماعت اسلامی نے حل صرف جماعت اسلامی کا نعرہ لگایا تھا ،یہ کوئی سیاسی نعرہ نہیں تھا بلکہ جماعت اسلامی نے اس نعرے کو حقیقت کا رنگ دے دیا ہے ،جماعت اسلامی ظلم کے نظام کو ختم کرنے ،میرٹ کا تحفظ کرنے اور عوام کے حق کے لیے جدوجہد کررہی ہے ،ضلع جنوبی میں 20ہزا ر سے زائد طلبہ و طالبات نے رجسٹریشن کروائی ہے ۔ہم اس تعداد کو آگے بڑھائیں گے ۔نوید علی بیگ نے کہاکہ بڑی خوشی کی بات ہے کہ ضلع جنوبی کے بچے اور بچیاں ہزاروں کی تعداد میں جمع ہیں ، آج کا یہ دن ہی ان کے مستقبل کے لیے اہم دن ثابت ہوگا ، بد قسمتی سے کراچی میں نوجوانوں کے لیے تعلیم کے دروازے بند کردیے گئے ، ماضی میں سرکای تعلیمی اداروں سے پڑھنے والے نہ صرف ملک بھر بلکہ بیرون ملک میں بھی کاکام کرتے تھے لیکن آج تعلیم بہت مہنگی کردی گئی ہے ، الخدمت نے حافظ نعیم الرحمن کے وژن کے ساتھ بنو قابل پروجیکٹ کیا ، آج 40سے 50ہزار لڑکے اور لڑکیاں کورس کر کے آگے بڑھ چکے ہیں ،یہ بچے اور بچیاں ہزاروں روپے ماہانہ کمارہے ہیں اور اپنے گھرانوں اور خاندانوں کا سہارا بن چکے ہیں ،شہر میں 35سینٹرز ہیں ،17کورسز کرائے جارہے ہیں اور کوئی فیس نہیں لی جارہی ۔