شٹر ڈاؤن ہڑتال پہلا قدم تھا اس کے بعد تمام تاجر تنظیموں اور سیاسی و سماجی شخصیات سے مشاورت شروع کی جائے گی،حافظ نعیم الرحمن
کامیاب شٹر ڈائون ہڑتال پراللہ کا شکر ہے پوری پاکستانی قوم ایک پیچ پر ہے ، کراچی سے لیکر پوراکے پی کے اور پنجاب کے عوام نے ا ظہار یکجہتی کیا
ہمارے راستے بند کریں گے تو حکومت گرانے کی مہم شروع کریں گے
اب ایسا نہیں چلے گا کہ آپ بجلی مہنگی کریں اور بے جا ٹیکس لگاتے چلے جائیں، قوم آئی پی پی کا بوجھ مزید برداشت نہیں کریگی
امیر جماعت کی امیر العظیم اور قیصر شریفکے ہمراہ پریس کانفرنس
لاہور ( ویب نیوز)
جماعت اسلامی پاکستا ن کے امیر حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ آج 28 اگست کے لیے شٹر ڈائون ہڑتال کی کال دی گئی تھی ،اللہ کا شکر ہے پوری پاکستانی قوم ایک پیچ پر ہے ،کراچی سے لیکر پوراکے پی کے اور پنجاب کے عوام ا ظہار یکجہتی کر رہے ہیں ،اب ایسا نہیں چلے گا کہ آپ بجلی مہنگی کریں اؤر بے جا ٹیکس لگاتے چلے جائیں،اب قوم آئی پی پی کا بوجھ مزید برداشت نہیں کرے گی۔حافظ نعیم الرحمن نے ہڑتال کو کامیاب بنانے پرپوری پاکستانی قوم کا شکریہ ادا کیا۔وہ منصورہ میں جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل امیرالعظیم اور مرکزی سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف کے ہمراہ پریس کانفرنس کر رہے تھے۔حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ یہ شٹر ڈاؤن ہڑتال پہلا قدم تھا اس کے بعد تمام تاجر تنظیموں اور سیاسی و سماجی شخصیات سے مشاورت شروع کی جائے گی ۔انہوں نے کہا کہ سب کو اندازہ ہے کہ ایک دن دکان بند کرنے سے کس حد تک نقصان ہوتا ہے ۔آپ ہماری بجلی، پانی اور گیس تک رسائی ناممکن بنا دیں گے تو یہ بات طے ہے کہ پاکستان کو ان ظالموں کے حوالے نہیں کیا جا سکتا ۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے جو ہمارے ساتھ معاہدہ کیا ہے اس پر عملدرآمد کی معیاد کے 45 میں سے 20 دن گزر گئے ہیں۔اگر یہ ہمارے راستے بند کریں گے تو حکومت گرانے کی مہم شروع کریں گے۔ ۔انہوں نے کہا کہ پنجاب کے لئے 14 روپے ٹیرف میں کمی کر کے شریف خاندان کو سمجھ لینا چاہیے کہ اب پاکستانی عوام کو بے وقوف نہیں بنایا جا سکتا پورے پاکستان کے لیے ٹیرف میں کمی ہونی چاہتے ۔اس پورے فالو اپ مین جماعت اسلامی پاکستان بھر میں سر گرم عمل ہے ۔انہوں نے کہا کہ یہ ہڑتال پوری قوم کی جانب سے ہے ۔فیصل آباد سمیت بعض مقامات پر دکانیں کھلوانے کی کوشش کی گئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ بجلی کی دقیمت میں ہر صورت کمی کرنا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ 2400 سے 2600 ارب روپے آئی پی پیز کودئے جاتے ہیں جس کی بجلی بنتی ہی نہیں ہے جبکہ آئی پی پیز کو ٹیکس سے معاف کر دیا گیا ۔دوسری جانب تنخواہ دار غریب لوگوں کو ٹیکس معاف نہیں کیا جا تا۔انہوں نے کہا کہ آئی پی پیز کی تفصیلات میں جائیں تو ان کے کیے چند قریبی دوست اور صنعت کار شامل ہیں ۔یہ اپنی عیاشیاں فری گاڑیاں ختم نہیں کریں گے اپنا فری پیٹرول اور بجلی ختم نہیں کریں گے جبکہ غریب عوام پر مسلسل ٹیکس اور مہنگائی کا بوجھ ڈال دیں گے۔انہوں نے کہا کہ اس بجٹ میں صرف سود کی شرح بھی 19 فیصد ہے ،پاکستان میں اس وقت جو طبقات عیاشی کر رہے ہیں وہ پاکستان کے بنک ہیں ۔یہ پاکستان کی غریب عوام کا خون نچوڑ رہے ہیں ۔ہم سود کے حوالے سے بھی بنک میں جائینگے تا کہ سود کی مد میں جانے والا 4500 ارب روپے بچیں ۔انہوں نے کہا کہ ان سب کا ایجنڈا صرف من پسند لوگوں کو نوازنا ہے ۔جعلی لوگوں کو جتوانے کو چکر میں لگے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ہم اس جدوجہد کومزیدبڑھائیں گے اور مزید دباؤ ڈالیں گے ۔کراچی چیمبر اور کامرس کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنھوں نے اس ہڑتال کی حمایت کی ۔اللہ نے چاہا تو عوام کی فتح ہو گی اور وہ اپنا حق حاصل کریں گے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ یہ پوری حکومت ہی فارم 47 والوں کی ہے۔ ہم لوگ آئین اور قانونی جدو جہد کر رہے ہیں ،اگر یہ ہمارے راستے بند کریں گے تو حکومت گرانے کہ مہم شروع کریں گے۔ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں سے رابطے میں ہیں ۔جو بات ان کے حق میں جاتی ہے وہ اس سے بھی دستبردار ہو جائے ہیں جس کی وجہ سمجھ میں نہیں آتی۔