لاہور: (ویب نیوز)
عید میلادالنبیﷺ آج انتہائی عقیدت و احترام سے منائی گیی ، فضائیں درود و سلام کی صداؤں سے معطر ہوگئیں۔
عید میلادالنبیﷺ کی تیاریوں کے بعد عاشقان رسولﷺ نے گلی گلی، قریہ قریہ سجا دیا، شاہراہیں، چھوٹی بڑی عمارتیں، گھر رنگ برنگی روشنیوں سے منور ہوگئے، مساجد میں خصوصی محافل اور چراغاں کیا گیا۔
رحمت دوعالم، فخر کائناتﷺ کے حضور عقیدت کے پھول نچھاور کئے
عید میلادالنبیﷺ کے موقع پر دن کے آغاز کے موقع پر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 31 توپوں کی سلامی دی گئی، چاروں صوبائی دارالحکومتوں میں بھی 21، 21 توپوں کی سلامی دی گئی، پاک فوج کے جوانوں نے نعرہ تکبیر اللہ اکبر کے نعرے لگائے۔
صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت ملک کے مختلف شہروں میں جشن عیدمیلادالنبیﷺ کے مرکزی جلوس برآمد ہو گئے۔
جلوس سے قبل ریلوے سٹیشن کے باہر رنگارنگ تقریب کابھی اہتمام کیا گیا جس میں شہریوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی،حاضرین کو قومی رضا کاروں نے سلامی پیش کی۔
کراچی میں آج 3 مرکزی جلوس نکالے جا رہے ہیں، تینوں جلوس نمائش چورنگی پہنچیں۔
شہرقائد میں جشن عید میلاد النبیﷺ کے سلسلے میں سنی تحریک کی ریلی کی قیادت شاداب رضا نقشبندی کر رہے ہیں،ریلی لیاقت آباد ڈاک خانے سے شروع ہو کر کھارادر چھٹن شاہ کے مزار پر ختم ہو گی۔
راولپنڈی میں مرکزی جلوس کے روٹ کی طرف آنے والے راستوں کو سیل کر دیا گیا ہے جہاں پر ضلعی انتظامیہ، پولیس اور سول ڈیفنس کے اہلکار بڑی تعداد میں تعینات ہیں۔
ملتان میں 12 ربیع الاول کا مرکزی جلوس قلعہ کہنہ قاسم سے برآمد ہو گیا، پولیس کے مطابق دو ہزار سے زائد پولیس اہلکار سکیورٹی کے فرائض سرانجام دے رہے ہیں۔
فیصل آباد میں 12 ربیع الاول کے سلسلے میں ضلع بھر میں 143 جلوس اور 20 محافل منعقد کی جائیں گی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ جلوسوں اور محفل کی سکیورٹی کے لیے 4 ہزار 561 پولیس اہلکار ڈیوٹی انجام دیں گے، مرکزی جلوسوں کی سی سی ٹی وی اور ڈرون کیمروں سے مانیٹرنگ کی جارہی ہے۔
پاکپتن میں 12ربیع الاول کا جلوس غلہ منڈی سے برآمد ہوا۔ جلوس کی قیادت مرکزی میلاد کمیٹی کے عہدیدار، سیاسی و مذہبی رہنما کر رہے ہیں۔
اوکاڑہ میں 12ربیع الاول کی مناسبت سے 69 جلوس بر آمد ہو گئے جن میں لوگ بڑی تعداد میں شریک ہیں۔
ادھر 12ربیع الاول کے اجتماعات کی سکیورٹی کے لیے کوئٹہ شہر میں موبائل فون سروس معطل ہے جبکہ راولپنڈی میں بھی مرکزی جلوس اور ملحقہ علاقوں میں موبائل فون سروس کو معطل کیا گیا ہے۔
پولیس ترجمان کے مطابق صوبائی دارالحکومت لاہور میں آج 110 محافل، 170 ریلیوں اور 54 جلوسوں کی سکیورٹی کیلئے 8 ہزار سے زائد افسران و اہلکار فرائض سر انجام دے رہے ہیں، 12 ربیع الاوّل کا مرکزی جلوس بیرون دہلی گیٹ سے شروع ہو کر اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا داتا دربار اختتام پذیر ہو گا۔
ترجمان نے بتایا ہے کہ شہر کے مختلف مقامات پر 15 ناکہ جات، 259 موبائل سکواڈ کے جوان اور 1800 سے زائد ڈولفن اور پیرو سکواڈ کے جوان ڈیوٹی پر مامور ہیں۔
اس حوالے سے سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ نے کہا ہے کہ 12 ربیع الاوّل کے جلوسوں، ریلیوں کے روٹس اور محافل سمیت تمام تقریبات کو بھرپور سکیورٹی فراہم کی گئی ہے، واک تھرو گیٹس نصب، میٹل ڈیٹیکٹرز سے شرکاء کی چیکنگ کی جائے گی، سیف سٹی کے کیمروں کی مدد سے جلوسوں اور ریلیوں کی مسلسل مانیٹرنگ کی جائے گی ۔
انہوں نے فورس کو ہدایت کی کہ ڈویژنل افسران سکیورٹی انتظامات کا خود جائزہ لیں، مذہبی ہم آہنگی اور امن و امان کی فضا برقرار رکھنے کیلئے فیلڈ افسران علمائے کرام اور امن کمیٹیوں سے رابطے میں رہیں، کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔
بلال صدیق کمیانہ نے فیلڈ فورس کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ جلوسوں اور ریلیوں کے دوران شاہراہوں پر متبادل روٹس سے ٹریفک کی روانی کو یقینی بنایا جائے، شہر کے داخلی وخارجی ناکوں پر سخت چیکنگ عمل میں لائی جائے، ہوائی فائرنگ کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔