آئی ایم ایف نے پاکستان کیلئے 7 ارب ڈالر قرض کی منظوری دے دی

واشنگٹن ( ویب  نیوز)

انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ ( آئی ایم ایف) نے پاکستان کے لئے 7 ارب ڈالر قرض کی منظوری دے دی۔بدھ کو واشنگٹن میں آئی ایم ایف کی مینجنگ ڈائریکٹر کرسٹلینا جورجیویا کی زیر صدارت ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس ہوا جس میں پاکستان کا ایجنڈا سر فہرست تھا۔ایگزیکٹیو بورڈ کے اجلاس میں پاکستان کیلئے 7 ارب ڈالر قرض کی منظوری دی گئی اور نیا قرض پروگرام 37 ماہ پر محیط ہوگا، ایگزیکٹیو بورڈ نے واشنگٹن کے ہیڈ آفس میں ہونے والے اجلاس میں جائزہ مشن اور پاکستان کے درمیان طے پانے والے اسٹاف سطع کے معاہدے اور  پاکستان کیلئے قرض پروگرام کی بھی منظوری دی۔ایگزیکٹیو بورڈ نے منظوری کے بعد  1.1 ارب ڈالر کی پہلی قسط جاری کرنے کی بھی منظوری دے دی۔ پاکستان کیلئے نیا قرض پروگرام 37 ماہ پر محیط ہوگا۔وزارت خزانہ کے ذرائع کے مطابق پاکستان کو 30 ستمبر تک 1.1 ارب ڈالر کی پہلی قسط ملنے کا امکان ہے، قرض پروگرام منظوری کے بعد دوسری قسط بھی اسی مالی سال مل جائے گی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ آئی ایم ایف کا قرض 5 فیصد شرح سود سے کم پر ملے گا۔آئی ایم ایف کی ڈائریکٹر اسٹریٹجک کمیونیکیشنز جولی کوزیک نے رواں ماہ کے اوائل میں واشنگٹن میں صحافیوں کو آگاہ کیا تھا کہ آئی ایم ایف نے پاکستان کے ترقیاتی شراکت داروں سے ضروری مالی اعانت کی فراہمی کی یقین دہانی کے بعد بورڈ کا اجلاس طلب کیا۔واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کا نیویارک میں گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پاکستان نے آئی ایم ایف کی کڑی شرائط پوری کردی ہیں۔ معاشی اشاریوں میں بتدریج بہتری آرہی ہے۔ایشیائی ترقیاتی بینک نے رواں مالی سال پاکستانی معیشت کے بہتری کی جانب گام زن ہونے کی نوید سنائی۔اے ڈی بی نے  کہا  کہ مہنگائی کی شرح 15 فیصد تک گر سکتی ہے۔ بینک نے شرح نمو بھی دو اعشاریہ آٹھ فیصد رہنے کی توقع ظاہر کی ہے۔ کچھ دن پہلے عالمی کریڈٹ ریٹنگ ایجنسی موڈیز پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ اپ گریڈ کرچکی ہے۔۔