موسیٰ خیل ،گیس کمپنی کے کیمپ پر حملہ ، 20 مزدور اغوا
حملہ آوروں نے کمپنی کے زیر استعمال آٹھ بلڈوزروں کو بھی نذر آتش کر دیا،پولیس
پنجگور، 7 مزدوروں کے قتل کا مقدمہ نامعلوم ملزمان کیخلاف مقدمہ درج
مقدمہ میں انسداد دہشت گردی ایکٹ،قتل، اقدام قتل اور دیگر دفعات شامل کی گئیں
کوئٹہ ( ویب نیوز)
بلوچستان کے ضلع موسیٰ خیل میں مسلح افراد نے قومی شاہراہ پر گیس کمپنی کے کیمپ پر فائرنگ کی اور اس کے بعد 20 سے زائد مزدوروں کو اغوا کرکے ساتھ لے گئے۔پولیس کے مطابق حملہ آوروں نے کمپنی کے زیر استعمال آٹھ بلڈوزروں کو بھی نذر آتش کر دیا ۔پولیس حکام نے بتایا کہ واقعہ سے متعلق تحقیقات کر رہے ہیں۔واضح رہے کہ گزشتہ روز کوئٹہ میں پنجگور کے علاقے خدا آبادان میں مسلح افراد نے گھر میں گھس کر فائرنگ کرکے 7 مزدوروں کو قتل کر دیا تھا۔اس سے قبل اگست میں موسی خیل کے علاقے راڑہ شم میں 23 مسافروں کو بسوں سے اتار کر قتل کر دیا گیا تھا۔
پنجگور، 7 مزدوروں کے قتل کا مقدمہ نامعلوم ملزمان کیخلاف مقدمہ درج
بلو چستان کے علا قے پنجگور میں مسلح افراد کی فائرنگ سے7 مزدوروں کے جاں بحق ہونے کا مقدمہ نامعلوم ملزمان کیخلاف درج کرلیا گیا۔ مزدوروں کے قتل کا مقدمہ تھانہ سی ٹی ڈی میں درج کیا گیا ہے، مقدمہ میں انسداد دہشت گردی ایکٹ،قتل، اقدام قتل اور دیگر دفعات شامل کی گئیں ۔یاد رہے کہ گزشتہ شب پنجگور کے علاقے خدا آبادان میں نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کرکے 7 مزدوروں کو موت کے گھاٹ اتار دیا تھا، جاں بحق مزدوروں کا تعلق پنجاب سے بتایا جاتا ہے۔وزیراعظم شہباز شریف نے پنجگور میں مزدوروں کو فائرنگ کر کے قتل کرنے کے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے وزیراعلی بلوچستان سے رپورٹ طلب کر لی اور کہا کہ بے گناہ مزدوروں پر حملوں کے بہیمانہ واقعات کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔وزیراعظم نے وزیر اعلی بلوچستان سے واقعے کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے مجرمان کو کیفر کردار تک پہنچانے کے حوالے سے ہر ممکن اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔