حافظ نعیم الرحمن کی سربراہی میں جماعت کے وفدکی بیرسٹرگوہرکی زیر قیادت پی ٹی آئی وفد سے ملاقات
غزہ،لبنان یمن پر اسرائیلی جارحیت سے پیداشدہ صورتحال پرتبادلہ خیال
 لیاقت بلوچ،میاں اسلم ،نصراللہ رندھاوا، سردارلطیف کھوسہ، شیخ وقاص اکرم موجود

اسلام آباد ( ویب  نیوز)

امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن کی سربراہی میں جماعت اسلامی کے وفد نے خیبرپختونخوا ہاؤس میں پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹرگوہرخان کی زیر قیادت پارٹی وفد سے ملاقات کی۔ غزہ،لبنان یمن پر اسرائیلی جارحیت سے پیداشدہ صورتحال پرتبادلہ خیال کیاگیا۔  پی ٹی آئی نے ہفتہ یکجہتی فلسطین، غزہ ملین مارچ کی حمایت کردی۔غزہ کی صورتحال پر مشترکہ موقف اپنانے کی ضرورت پر بھی زور دیاگیا ہے۔جماعت کے وفدکے دیگرارکان میں نائب امیر جماعت لیاقت بلوچ،میاں اسلم ،نصراللہ رندھاوا جب کہ پی ٹی آئی چیئرمین کی سردارلطیف کھوسہ، شیخ وقاص اکرم نے معاونت کی ۔ملاقات کے بعد صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن کا کہنا تھا کہ ملاقات میں سب سے اہم مسئلہ غزہ  کی صورتحال پر بات ہے، بدترین دھشتگردی کو ایک سال ہونے کو ہے ،اسرائیل اب بدمست ہاتھی کی طرح یمن اور لبنان پر چڑھائی کررہا ہے،غزہ میں 45 ہزار فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔بیت القدس ہمارے ایمان کا حصہ ہے۔ یہ وہ موقع ہے کہ قومی یکجہتی ہونی چائیے ۔پاکستان نے اپنے قیام سے پہلے قرارداد کے ذریعے فلطسطینوں کی حمایت کی۔ تحریک انصاف ملک کی اہم سیاسی جماعت ہے،مشرق وسطی کی صورتحال پر سیاسی جماعتوں سے رابطوں کا آغاز ہی تحریک انصاف سے کیا ہے۔ 7،اکتوبر کو تحریک انصاف ہمارے ساتھ نکلے گی،اچھا ہو کہ حکومت بھی اعلان کردے۔، مہنگائی اور ظلم کے خلاف اس وقت آواز اٹھانا بہت ضروری ہے۔امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ حالیہ الیکشن میں دھاندلی نہیں، دھاندلہ ہوا ہے، جماعت اسلامی جوڈیشل کمیشن کا مطالبہ کرتی ہے، اگر صاف شفاف انکوائری ہو۔ان کا مزید کہنا تھا کہ اس وقت اہم معاملہ غزہ کہ صورتحال ہے، مشترکہ آواز اٹھانا ہمارا فرض ہے، بیت المقدس کا دفاع ہمارے ایمان کا حصہ ہے۔انھوں نے اپیل کی کہ 7 اکتوبر کو دن 12 بجے پورے پاکستان سے اپیل ہے فلسطینیوں کے لئے باہر نکلیں، جماعت اسلامی کے آنے والے دنوں میں مختلف احتجاجی مارچ آرہے ہیں۔ بیرسٹرگوہر نے کہا کہ ماضی میں پی ٹی آئی اور جماعت اسلامی اکھٹے حکومت میں بھی تھے، ہمارا موقف بہت صاف ہے کہ ترمیم پر رات کے اندھیرے میں کوئی فیصلہ نہیں ہونا چاہیے، جماعت اسلامی کی تجاویز پر ہم پارٹی میٹنگ میں غور کریں گے۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ جماعت اسلامی کی غزہ کی صورتحال پر کوششیں قابل تحسین ہیں، یہ اہم مسئلہ عالمی ہے۔ انہوں نے اس بات کی یقین دہانی کرائی کہ پی ٹی آئی ایک ہی موقف کے ساتھ عوام میں جائے گی اور ملاقاتیں جاری رکھیں گی۔ دونوں رہنماؤں نے غزہ کی صورتحال پر مشترکہ موقف اپنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔