اسلام آباد: (ویب  نیوز)

بانی پی ٹی آئی عمران خان کی بہنوں علیمہ خان اور عظمیٰ خان کو ڈی چوک سے گرفتار کر لیا گیا۔

بتایا گیا ہے کہ گرفتاری کے بعد پولیس علیمہ خان کو وین میں بٹھا کر لے گئی، پولیس نے دونوں بہنوں کو تھانہ سیکرٹریٹ منتقل کر دیا۔

آئی جی اسلام آباد کے مطابق اب تک 30 سے زائد مظاہرین کو گرفتار کیا جاچکا ہے، انہوں نے کہا ہے کہ فورس کا مورال بلند ہے، کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دیں گے۔

واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے ڈی چوک میں احتجاج کا اعلان کیا گیا ہے اور مختلف مقامات پر پولیس اور پی ٹی آئی کارکنوں میں آنکھ مچولی کا سلسلہ جاری ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے رات گئے وزارت داخلہ کے کنٹرول روم کا دورہ کیا۔

وزیر داخلہ محسن نقوی نے اسلام آباد شہر کے مختلف حصوں کی مانیٹرنگ کے عمل کا جائزہ لیا، محسن نقوی نے سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے شہر کی صورتحال کا مشاہدہ کیا۔

اس موقع پر سیکرٹری داخلہ خرم علی آغا بھی موجود تھے، وزیر داخلہ کو اسلام آباد کی مجموعی صورتحال کے متعلق بریفنگ دی گئی۔

محسن نقوی کا کہنا تھا کہ شر پسند عناصر پر کڑی نظر رکھی جائے، کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جا سکتی، امن و امان اور شہریوں کے جان و مال کی حفاظت اولین ترجیح ہے۔