بلاول سے فضل الرحمان کی ملاقات، سیاسی صورتحال و آئینی ترمیم پر مشاورت
شنگھائی تعاون تنظیم کا اجلاس خوش آئند ہے اور ایس سی او خطے کے استحکام میں معاون ہوگا، بلاول اور فضل الرحمان کا اتفاق
مجوزہ آئینی ترامیم،پارلیمانی خصوصی کمیٹی کا آٹھواں اجلاس 17اکتوبر کو ہو گا
اسلام آباد(ویب نیوز)
پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے ملاقات کی ،بلاول اور مولانا فضل الرحمان کی ملاقات کراچی میں بلاول ہاوس میں ہوئی جس میں دونوں جماعتوں کے رہنما بھی شریک تھے۔ملاقات میں ملکی سیاسی امور پر تبادلہ خیال اور مجوزہ 26 ویں آئینی ترمیم سے متعلق بات چیت کی گئی۔ترجمان نے بتایاکہ بلاول بھٹو اور فضل الرحمان نے اتفاق کیاکہ شنگھائی تعاون تنظیم کا اجلاس خوش آئند ہے اور ایس سی او خطے کے استحکام میں معاون ہوگا،پاکستان پیپلزپارٹی کے وفد میں پی پی پی شعبہ خواتین کی مرکزی صدر فریال تالپور، پی پی پی سندھ کے صدر نثار کھوڑو ، وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ ، شازیہ مری، سید نوید قمر اور مرتضی وہاب بھی شامل تھے، جمعیت علمائے اسلام کے وفد میں مولانا اسعد محمود، مولانا ضیاالرحمان، راشد محمود سومرو ، ناصر محمود سومرو، کامران مرتضی، مفتی ابرار، مولانا اسجد محمود، مولانا عبیدالرحمان اور عثمان بادینی بھی شامل تھے
تحریک انصاف نے 7 اجلاسوں میں آئینی ترمیم کی ایک بھی تجویز پیش نہیں کی، وزیر قانون
وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا ہے کہ تحریک انصاف نے خصوصی کمیٹی کی 7 میٹنگز میں ایک بھی سفارش پیش نہیں کی۔سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ مجوزہ آئینی ترمیم کی مخالفت کرنے والے ایک بھی ایسی شق کی نشاندہی نہیں کرپارہے جو کسی بنیادی، انسانی حق، عوامی مفاد، آئین کی روح یا عدلیہ کی آزادی کے منافی ہو۔انہوں نے کہا کہ 26ویں آئینی ترمیم کے معاملے کو صرف دھڑا بند سیاست کی آنکھ سے دیکھا جارہا ہے جبکہ خصوصی کمیٹی کی سات میٹنگز میں تحریک انصاف نے ایک بھی سفارش یا تجویز پیش نہیں کی۔وزیر قانون نے کہا کہ شاید کچھ لوگ نہیں چاہتے کہ جیلوں میں پڑے ہزاروں قیدیوں کی مشکلیں آسان ہوں اور پارلیمنٹ کو وہ مقام ملے جو کسی بھی جمہوری پارلیمانی نظام کا بنیادی تقاضا ہے۔
مجوزہ آئینی ترامیم،پارلیمانی خصوصی کمیٹی کا آٹھواں اجلاس 17اکتوبر کو ہو گا
سید خورشید شاہ کی زیر صدارت پارلیمانی خصوصی کمیٹی کا آٹھواں اجلاس 17اکتوبر جمعرات کی سہ پہر ساڑھے تین بجے پارلیمنٹ ہائوس میں منعقد ہو گا۔قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سے جاری کئے گئے نوٹس کے مطابق خصوصی پارلیمانی کمیٹی کا یہ اجلاس حکومت اور اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے آئین میں مجوزہ ترامیم کے مسودہ جات پر غور کیلئے طلب کیا گیا ہے۔قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سے کمیٹی کے اراکین نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، خواجہ محمد آصف، رانا تنویر حسین، چوہدری سالک حسین، عبدالعلیم خان، اپوزیشن لیڈر عمر ایوب خان، گوہر علی خان، مولانا فضل الرحمن، سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف، سید نوید قمر، ڈاکٹر محمد فاروق ستار، محمود خان اچکزئی، حمید حسین، سید امین الحق، محمد اعجاز الحق، خالد حسین مگسی، پولین، صاحبزادہ حامد رضا، شاہدہ بیگم، محمد اختر مینگل اور وزیر پارلیمانی امور اعظم نذیر تارڑ کو اجلاس میں شرکت کیلئے مدعو کیا گیا ہے