نو تاریخ کو صوابی انٹر چینج پر جلسہ کریں گے علی امین گنڈاپور
عمران خان کے ساتھ جیل میں روا رکھے گئے سلوک کو ختم کیا جائے
راولپنڈی (ویب نیوز)
وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے نو نومبر کو صوابی انٹرچینج پر جلسے کا اعلان کر دیا ہے ۔ہفتے کو راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی اور سابق وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علی امین گنڈا پور نے کہا کہ اگر بانی پی ٹی آئی عمران خان کے ساتھ جیل میں روا رکھے گئے سلوک کو ختم نہ کیا گیا تو پورے پاکستان کو بند کر دیا جائے گا۔نو نومبر کو صوابی کے اجتماع میں اگلے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔ یہ فائنل کال ہے۔ پر امن رہ کر ماریں کھا لیں، اپنے کارکنان گرفتار کروا لیے کیونکہ ہم تو پر امن ہوتے ہیں، پھر مقدمے بنا دیے جاتے ہیں، ایک میں ضمانت ہوتی ہے اور دوسرے میں نہیں۔ یہ ڈرامے بازی اب برداشت نہیں کی جائے گی۔وزیراعلی خیبر پختونخوا کا کہنا تھا کہ صوابی میں موٹر وے کے مقام پر اکٹھے ہوں گے اور وہاں پر فائل کال دیں گے، جس کا مطلب یہ ہے کہ گھروں میں بتا کر آئیں۔انہوں نے کہا: آٹھ تاریخ کے پشاور کے جلسے کے بجائے نو تاریخ کو صوابی انٹر چینج پر جلسہ کریں گے۔ یہ تمام فیصلہ سازوں کو وارننگ ہے، یہ ہمارا اکٹھ ہو گا، جس میں لائحہ عمل بیان کیا جائے گا اور ڈیوٹیاں تفویض کی جائیں گی۔علی امین گنڈا پور نے اپنے اہل خانہ کو مخاطب کرتے ہوئے مزید کہا کہ پیغام دیتا ہوں کہ اگر میں فائنل کال دے کر گھر واپس نہیں آتا تو سمجھ جانا کہ میں نہیں آوں گا، پھر جنازہ پڑھنا ہے یا جو بھی کرنا ہے، کر لینا۔