لاکھوں بچوں بچیوں کو مفت آئی ٹی کورسز کروا کے انہیں روزگار کے قابل بنائیں گے، حافظ نعیم الرحمن
تعلیمی نظام طبقاتی اور استحصالی ہے، غریب اور مڈل کلاس کی پہنچ میں نہیں رہا ، شیخوپورہ میں بنو قابل پروگرام کی افتتاحی تقریب سے خطاب
شیخوپورہ (ویب نیوز)
امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے شیخوپورہ میں بنو قابل پروگرام کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ جماعت اسلامی ملک میں آئی ٹی کا انقلاب برپا کررہی ہے، لاکھوں بچوں بچیوں کو مفت آئی ٹی کورسز کروا کے انہیں روزگار کے قابل بنائیں گے، حکمرانوں نے ملک میں مایوسی پھیلائی، نوجوان عہد کریں کہ مایوس ہونے کی بجائے ناامیدی پھیلانے والوں کو مایوس کریں گے۔ حکمرانوں نے چند آئی پی پیز مالکان کو دوہزار ارب اس بجلی کی مد میں دیے جو بنائی بھی نہیں گئی، ملک میں کالجز اور یونیورسٹیز میں فیس معاف کر دی جائے تو 570ارب بنتے ہیں، حکمران آئی پی پیز مافیا کو ہزاروں ارب دینے کے لیے تیار، نوجوانوں کو مفت تعلیم نہیں دے سکتے۔شیخوپورہ میں فری آئی ٹی ٹریننگ کے لیے منعقدہ ٹیسٹ میں ہزاروں طلبا وطالبات نے شرکت کی۔ سیکرٹری جنرل الخدمت فائونڈیشن سید وقاص جعفری، مرکزی سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف، امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی جاوید قصوری، سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پنجاب وسطی بابررشید، ڈپٹی سیکرٹری جنرل پنجا ب وسطی رانا تحفہ دستگیر اور امیر شیخوپورہ زاہد عمران کوروٹانہ بھی تقریب میں شریک تھے۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ جماعت اسلامی بنو قابل کے تحت دس لاکھ بچوں اور بچیوں کو مفت آئی ٹی ٹریننگ دے گی، پروگرام کا دائرہ کار پورے ملک میں پھیلا دیا، آئی ٹی یونیورسٹی قائم کرکے تمام بڑے شہروں میں اس کے کیمپس بنائیں گے، تربیت یافتہ نوجوانوں کے لیے روزگار کا اہتمام بھی کیا جائے گا، گھریلو خواتین کو بھی آئی ٹی کورسز کروائیں گے، انہوں نے نوجوانوں سے وعدہ لیا کہ وہ بنو قابل کے سفیر بنیں اور حکمرانوں کو باور کرائیں گے کہ تعلیم خیرات نہیں ہر بچے اور بچی کا حق ہے۔ امیر جماعت نے کہا کہ حکمرانوں نے نوجوانوں کو تعلیم سے محروم رکھا، تعلیمی نظام طبقاتی اور استحصالی ہے، غریب اور مڈل کلاس کی پہنچ میں نہیں رہا کہ اپنے بچوں کو تعلیم دلوا سکیں، ملک میں پونے تین کروڑ بچے سکولوں سے باہر ہیں اور ان میں سے سوا کروڑ بچے صرف پنجاب میں ہے۔ پنجاب میں بچوں کو سکول بھیجنے کی بجائے سکولوں کو ہی این جی اوز کے حوالے کیا جارہا ہے۔ پنجاب میں حکومت نمائشی اقدامات کررہی ہے، ساری حکومت اشتہاروں میں نظر آتی ہے، گراؤنڈ میں اس کا کوئی وجود نہیں۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی اپنے تئیں نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی کی تعلیم دے کر انہیں ہنر سے آراستہ کررہی ہے، نوجوانوں کو مایوس نہیں ہونا چاہیے بلکہ ان لوگوں کو مایوس کریں جو ناامیدی پھیلا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی اساتذہ کو بھی آئی ٹی ٹریننگ دے گی تاکہ وہ اس سلسلہ کو سرکاری و پرائیویٹ سکولوں میں جاری رکھ سکیں اور خود تربیت حاصل کرنے کے بعد لاکھوں بچوں بچیوں میں علم کی روشنی پھیلائیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر آئی ٹی پر توجہ دی جائے تو آنے والے چند برسوں میں ملک کی آئی ٹی ایکسپورٹ بیس ارب ڈالر ہوجائیں گی، انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نصاب بھی تیار کررہی ہے، ملک میں ایک نظام، ایک نصاب اور ایک زبان ہونی چاہیے۔





