اہل غزہ و فلسطین سے یکجہتی ، کراچی کے تمام تاجروں کا 26اپریل کو شٹر ڈائون ہڑتال کا اعلان
کراچی تا چترال تاجروں کا متفقہ فیصلہ انتہائی خوش آئند،صہیونی مصنوعات کا بائیکاٹ جاری رہے گا ،منعم ظفر خان کی پریس بریفنگ
کراچی( ویب نیوز)
امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان کی زیر صدارت منگل کو کراچی کے تاجروں کا ایک نمائندہ کنونشن منعقد ہوا جس میں شریک تمام تاجروں نے امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کی اپیل پر اہل غزہ و فلسطین سے اظہار یکجہتی ، امریکی سرپرستی میں اسرائیلی جارحیت و دہشت گردی کی مذمت اور حکمرانوں کو جھنجوڑنے کے لیے ہفتہ 26اپریل کو ملک گیر شٹر ڈائون ہڑتال کی مکمل حمایت ، تمام مارکیٹیں و دکانیں اور کاروبار بند کرنے کا اعلان کیا اور حکومت سے مطالبہ کیا کہ اسرائیلی جارحیت و دہشت گردی رکوانے کے لیے وہ اپنا کردار ادا کرے ، منعم ظفر خان نے کراچی کے تاجروں کے نمائندہ کنونشن کے بعد تاجر رہنماؤں کے ہمراہ پریس بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ ہم نے کراچی کے تاجروں کاکنونشن رکھا جس میں شہر بھر کی چھوٹی و بڑی مارکیٹوں کی تنظیموں کے عہدیداران نے شرکت کی اور متفقہ طور پر 26 اپریل کی ہڑتال کی بھر پور حمایت کا اعلان کیا اور کہا کہ 26 اپریل کو کراچی میں بھی مکمل شٹر ڈاؤن ہڑتال ہوگی، کراچی سے چترال پورا ملک بند ہو گا ، تاجر کنونشن میں تاجروں نے ہڑتال کی حمایت کے ساتھ صہیونی مصنوعات کے بائیکاٹ مہم میں ساتھ دینے کا وعدہ کیا ہے۔ امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کی اپیل پر کراچی تا چترال تاجر برادری کا متفقہ فیصلہ انتہائی خوش آئند ہے۔کراچی تاجر اتحاد کے صدر عتیق میر طبیعت کی ناسازی کی وجہ سے اجلاس میں شرکت نہ کرسکے ، وہ پہلے ہی 26اپریل کی ہڑتال کی حمایت کا اعلان کرچکے ہیں ، آج بھی انہوںنے ہڑتال کے سلسلے میں مکمل تعاون کی یقین دہانی کا پیغام بھجوایا ہے۔ منعم ظفر خان نے کہا کہ غزہ میں اس وقت انسانی المیہ جنم لے رہا ہے۔ مسلم ممالک کے عوام پریشان اور دل گرفتہ ہیں اور غزہ کے بھائی ، بہنوں ، بچوں ، بزرگوں اور نوجوانوں سے بھر پور اظہار یکجہتی کررہے ہیں۔ ہمارا غزہ کے بھائیوں کے ساتھ کلمہ طیبہ کا رشتہ ہے۔ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے مسجد اقصی کی طرف رخ کر کے 15 سال نماز ادا کی،اسرائیل نے فلسطین اور غزہ کا 90 فیصد انفرااسٹرکچر تباہ کردیا ہے۔ اہل غزہ و فلسطین تباہی کے باجود ایمانی قوت اور اللہ کے بھروسے پر ثابت قدم ہیں اور پوری دنیا کے انسانوں کو پیغام دے رہے ہیں کہ ہم زندہ ہیں اور ہماری مزاحمت اور جدو جہد جاری رہے گی ، فلسطین کے بچوں کا لہو پوری دنیا کے لوگوں کے ضمیر کو جھنجھوڑ رہا ہے۔ مغرب میں بھی یونیورسٹی اور کالجز کے طلبہ و طالبات ریلیاں نکال رہے ہیں اور سوال کررہے ہیں کہ انسانی حقوق کی تنظیمیں اور اقوام متحدہ کہاں ہیں؟ انٹرنیشنل کریمنل کورٹ اوران کے فیصلے بھی کہیں نظر نہیں آرہے۔ کہاں ہے او آئی سی اور کہاں ہے عرب لیگ جو بنی ہی اس لیے تھی عرب ممالک کی حفاظت کی جائے گی۔ مسلم ممالک کے حکمرانوں اور سپہ سالاروں کو مسجد اقصی اور اہل غزہ و فلسطین کے مسلمانوں کو بچانے کی ضرورت ہے۔ مسجد اقصی حکمرانوں کے راستے تک رہی ہے۔ 26 اپریل کی ہڑتال گلوبل اسٹرائیک کی شکل اختیار کرے گی اور امت مسلمہ کے حکمرانوں کو جھنجھوڑے گی۔ گلوبل اسٹرائیک کے لیے مختلف ممالک سے رابطے جاری ہیں۔ کراچی کے تاجر، طلبہ، علماء ، وکلا، اساتذہ، ڈاکٹر، انجینئر ، سول سوسائٹی سمیت تمام طبقات سے اپیل کرتے ہیں کہ 26 اپریل کی ہڑتال کو کامیاب بنائیں اور اہل غزہ و فلسطین کے مسلمانوں کے لیے فنڈ جمع کرنے کا بھی اہتمام کیا جائے۔ جماعت اسلامی اور الخدمت نے اہل غزہ و فلسطین کے لیے غذائی اجلاس اور ادویات پر مشتمل کئی ٹرک روانہ کیے ہیں۔ اسرائیل پر کاری ضرب لگانے کے لیے یہودی مصنوعات کا بائیکاٹ ضروری ہے ۔ کراچی کھڑا ہوگا تو پورا پاکستان کھڑا ہوگا ،ہم صیہونی مصنوعات کا مکمل بائیکاٹ کریں گے۔تاجروں کے نمائندہ اجلاس اور پریس بریفنگ میں کراچی الیکٹرونک ڈیلرز ایسوسی ایشن کے صدر رضوان عرفان، صدر کوآپریٹو مارکیٹ کے صدر محمد اسلم خان،پاکستان بزنس فورم کے صدر سہیل عزیز ،کلفٹن ٹریڈرز کے رہنما راشد خان ،حیدری مارکیٹ مینجمنٹ ایسوسی ایشن کے رہنما سید اختر شاہد،فلک ناز ٹاور ایسوسی ایشن کے مختار قریشی، اسپورٹس مارکیٹ ایسوسی ایشن کے صدر سلیم ملک، پاکستان اسمال پرنٹنگ پریس ایسوسی ایشن کے رہنما عرفان،واٹر پمپ مارکیٹ ایسوسی ایشن کے رہنما عارف اسماعیل ،زرگراں ایسوسی ایشن کے رہنما معراج احمد خان ،حیدری مارکیٹ ویلفیئر ایسوسی ایشن کے صدر محمد ساجد خان ،زرگراں ایسوسی ایشن طارق روڈ کے صدر منیر احمد،،اورنگی ٹریڈرز ایسوسی ایشن کے صدر عبد اللہ بٹرا ،گلبہار ٹریڈرز ایسوسی ایشن کے جنرل سکریٹری سلیم،طارق روڈ ٹریڈر ایسوسی ایشن کے نائب صدر محمد اعظم، آرام باغ مارکیٹ ایسوسی ایشن کے رہنما سعید،، ایم اے جناح مارکیٹ ایسوسی ایشن کے رہنما نعمان ، بازار فیصل اسمال ٹریڈرز کریم آباد کے صدر کاشف ، گلبہار مارکیٹ ایسوسی ایشن کے صدر جاوید قریشی ، طارق روڈ ٹریڈر ایسوسی ایشن کے صدر اسلم بھٹی، بابر مارکیٹ لانڈھی کے رہنما یاسین ،آل پاکستان آرگنائزیشن آف اسمال ٹریڈرز اینڈ کاٹیج انڈسٹری کے صدر محمود حامد ، عثما ن شریف ودیگر شریک تھے ۔ قبل ازیں کراچی کے تاجروں کے نمائندہ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے رضوان عرفان نے کہا کہ ہم نے ماضی میں بھی جماعت اسلامی کی کال پر کامیاب ہڑتال کی، ہم یہ سمجھتے ہیں کہ فلسطین کا مسئلہ سیاسی نہیں ہمارے ایمان کا حصہ ہے، ایک دن کی ہڑتال سے وہ نقصان نہیں جو اہل غزہ و فلسطین کے مسلمان روزانہ نقصان اٹھا رہے ہیں۔ ہم ہر اس جماعت کے ساتھ کھڑے ہیں جو فلسطین کاز کے لیے جدو جہد کر رہی ہے ، جماعت اسلامی واحد جماعت ہے جس نے فلسطین کے لوگوں کے لیے امداد بھی بھجوائی۔ محمد اسلم خان نے کہا کہ آج ہم اسرائیلی مظالم کے خلاف جمع ہوئے ہیں، اسرائیل غزہ کے مسلمانوں پر ظلم کررہا ہے، جنگ بندی کے باوجود صیہونیوں نے بمباری کرکے بچوں اور خواتین پر حملہ کیا، 45 ہزارلوگوں کی نسل کشی کے حوالے سے عالمی اداروں نے خاموشی اختیار کی ہوئی ہے۔ ہم آرمی چیف سے بھی مطالبہ کرتے ہیں کہ اپنی توپوں کا رخ اسرائیل کی طرف کریں۔ ہم احتجاج کرکے اور یہودی مصنوعات کا بائیکاٹ کرکے اسرائیلیوں کا مقابلہ کرسکتے ہیں۔ سید اختر شاہد نے کہا کہ غزہ میں جاری ظلم و ستم کسی سے ڈھکا چھپا نہیں، 57اسلامی ممالک کے سربراہ بے حسی کا مظاہرہ کررہے ہیں اور پاکستان کے حکمرانوں نے بھی مجرمانہ خاموشی اختیار کی ہوئی ہے، سلام پیش کرتے ہیں جماعت اسلامی اور حافظ نعیم الرحمن کو جنہوں نے زبردست تحریک چلائی اور قوم کو متحد کیا ہے۔ ہم ہڑتال کو بھر پور اور کامیاب بنائیں گے۔ سہیل عزیز نے کہا کہ کراچی کی تاجر برادری مبارکباد کی مستحق ہے اور جماعت اسلامی کو بھی ہم خراج تحسین پیش کرتے ہیں جس نے نہ صرف کراچی بلکہ امت مسلمہ کے مسائل پر بھی آواز اٹھائی ہے۔ ہم یقین دلاتے ہیں کہ 26 اپریل کی شٹر ڈائون ہڑتال کو کامیاب بنائیں گے۔ سلیم نے کہا کہ جماعت اسلامی کے عہدیداران قابل مبارکباد ہیں جنہوں نے اس اہم نکتہ پر آواز اٹھائی ہے اور تاجر برادری بھی خراج تحسین کے مستحق ہے جنہوں نے ہڑتال کو کامیاب بنانے کے لیے مکمل حمایت کی یقین دہانی کروائی ہے۔ راشد خان نے کہا کہ جماعت کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، اہل غزہ و فلسطین سے اظہار یکجہتی کے لیے 26 اپریل کو ہڑتال کی کال کو کامیاب بنانے کے لیے ہر ممکن تعاون کریں گے اورتاجر برادری اپنی ایک دن کی کمائی بھی اہل غزہ و فلسطین فنڈ میں جمع کرائے گی ۔ مختار قریشی نے کہا کہ جماعت اسلامی نے ہمیشہ سے مظلوموں کا ساتھ دیا ہے،ہم 26 اپریل کی ہڑتال کو مل کر کامیاب کریں گے۔ سلیم ملک نے کہا کہ 26 اپریل کو صرف کراچی ہی نہیں بلکہ پورا پاکستان بند رہے گا۔ ہم پوری دنیا کو پیغام دینا چاہتے ہیں کہ ہم غزہ کے ساتھ ہیں، ہم حکومت سے بھی کہتے ہیں کہ وہ سرکاری سطح پر ہڑتال کا اعلان کرے اور سرکاری دفاتر بند کرے ۔ عرفان نے کہا کہ 26 اپریل کو ہماری مارکیٹ بھی بند رہے گی اور اہل غزہ کے لیے اپنا کردار ادا کریں گے ، عارف اسماعیل نے کہا کہ غزہ کی صورتحال انتہائی تشویشناک ہے، دنیا کے باضمیر انسان سراپا احتجاج ہیں، عالم اسلام کے حکمرانوں کو اس وقت ایک ہونے کی ضرورت ہے، 26 اپریل کی ہڑتال کو کامیاب بنائیں گے۔ معراج احمد خان نے کہا کہ ہم مسلمان ہیں، جماعت اسلامی نے پوری دنیا میں مسلمانوں پر ہونے والے مظالم کے خلاف آواز بلند کی ہے جس میں غزہ بھی شامل ہے ، ہم ہڑتال کے ایشو پر ساتھ دیں گے ۔ محمد ساجد خان نے کہا کہ ہم نے ماضی میں بھی ہڑتالیں کیں اور آج اہل غزہ و فلسطین کے لیے جماعت اسلامی کے ساتھ ہیں اور 26 اپریل کی ہڑتال کو کامیاب بنائیں گے۔ منیر احمد نے کہا کہ غزہ و فلسطین میں کئی سال سے یہودیوں کی طرف سے ظلم و ستم جاری ہے، جماعت اسلامی کے قائدین کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں جنہوں نے ان کے حق میں آواز اٹھائی، ہم 26 اپریل کی ہڑتال کی حمایت کرتے ہیں۔ عبد اللہ بٹرا نے کہا کہ جماعت اسلامی کی قیادت کو یقین دلاتے ہیں کہ اورنگی کے تاجر 26 اپریل کو دوکانیں بند کرکے ہڑتال کو کامیاب بنائیں گے۔ محمد اعظم نے کہا کہ جماعت اسلامی کو اہل غزہ و فلسطین پر مظالم کے خلاف تاجروں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرنے پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں، کشمیر کا مسئلہ ہو فلسطین کا جماعت اسلامی واحد جماعت ہے جو آواز اٹھاتی ہے ۔ سعید نے کہا کہ صرف جماعت اسلامی نہیں بلکہ تمام سیاسی جماعتوں کا فرض ہے کہ وہ اس اہم اور حساس مسئلے پر فلسطین کی آواز بنیں، ہمیں اسرائیلی مصنوعات کا بائیکاٹ کرنے کے لیے کراچی کی تمام مارکیٹوں میں رابطے کرنے کی ضرورت ہے۔نعمان نے کہا کہ جماعت اسلامی نے مسئلہ فلسطین اور کشمیر پر سب سے پہلے آواز اٹھائی اور اپنا حق ادا کیا ہے، تمام تاجر تنظیمیں تمام تر اختلافات کوپس پشت رکھ کر فلسطین کاز پر ایک ہوجائیں۔ کاشف نے کہا کہ 26 اپریل کو پورا کریم آباد بازار بند ہوگا۔ جاوید قریشی نے کہا کہ جماعت اسلامی نے اپنی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے مسلمانوں کے درد کو سمجھا اور اہل غزہ و فلسطین سے اظہار یکجہتی کے لیے 26 اپریل کو ملکی سطح پر ہڑتال کا اعلان کیا۔ جمعہ کے دن گلبہار مارکیٹ میں کیمپ بھی لگایا جائے گا۔ اسلم بھٹی نے کہا کہ بے حس حکمرانوں کے کانوں میں جوں تک نہیں رینگ رہی، انہیں جھنجھوڑنے کی ضرورت ہے، ہمیں ہڑتال کے ساتھ ساتھ ایسے لوگوں کو حکمران بنانا چاہیے جو عوام کا تحفظ کریں۔ ہمیں جماعت اسلامی جیسی باصلاحیت قیادت کو آگے لانے کی ضرورت ہے۔ یاسین نے کہا کہ 26 اپریل کو لانڈھی بابر مارکیٹ مکمل طور پر بند رہے گی۔#
#/S





