اسلام آباد: کورونا سے متاثرہ شہروں میں لاہور، اسلام آباد، کوئٹہ، فیصل آباد، ملتان، گجرات، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، حیدر آباد، سکھر، لاڑکانہ، خیرپور، ڈی جی خان، گھوٹکی، سوات، مالاکنڈ، مردان اور دیگر شامل ہیں۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی) کی جانب سے ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ کورونا کیسز بڑھنے کے لحاظ سے ملک کے ان 20 شہروں میں مزید اقدامات کی ضرورت ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اسلام آباد کےعلاقے جی نائن ٹو اور جی نائن 3 میں 300 سے زائد کورونا کیسز رپورٹ ہوئے۔ اس کے علاوہ آئی 8، آئی 10، غوری ٹاؤن، بارہ کہو، جی 6 اور جی 7 کے علاقے نیو ہاٹ سپاٹ ہیں۔
این سی او سی کی جانب سے کہا گیا ہے کہ جن شہروں میں کورونا وائرس کے بڑھتے کیسز کی نشاندہی کی گئی ہے، وہاں حفاظتی اور احتیاطی اقدامات مزید سخت کرنے کی ضرورت ہے۔
خیال رہے کہ پاکستان میں کورونا کے متاثرین تیزی سے بڑھنے لگے ہیں۔ ملک بھر میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد ایک لاکھ 44 ہزار 478 تک پہنچ گئی ہے جبکہ ایک دن میں 97 افراد جاں بحق ہونے سے اموات کی تعداد 2 ہزار 729 ہو چکی ہیں۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 5 ہزار 248 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 54 ہزار 138، سندھ میں 53 ہزار 805، خیبر پختونخوا میں 18 ہزار 13، بلوچستان میں 8 ہزار 177، گلگت بلتستان میں ایک ہزار 129، اسلام آباد میں 8 ہزار 569 جبکہ آزاد کشمیر میں 647 کیسز رپورٹ ہوئے۔
ملک بھر میں اب تک 8 لاکھ 97 ہزار 650 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 29 ہزار 85 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 53 ہزار 721 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ کئی مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 97 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 2 ہزار 729 ہوگئی۔ پنجاب میں ایک ہزار 31، سندھ میں 831، خیبر پختونخوا میں 675، اسلام آباد میں 71، گلگت بلتستان میں 16، بلوچستان میں 85 اور آزاد کشمیر میں 13 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔