ایران کا اسرائیل پر جوابی حملہ ،100سے زائد بیلسٹک میزائل داغ دئیے،تل ابیب میں دھماکے

شہر میں خوف و ہراس کی فضا،عوام کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایات جاری

 ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تمام سیکیورٹی ادارے الرٹ ہیں،ترجمان اسرائیلی فوج

تل ابیب ( ویب  نیوز)

ایران نے اسرائیل پر جوابی حملہ کردیا ، 100کے قریب میزائل داغ دئیے ہیں۔ اسرائیلی میڈیا نے ایران کے حملے کی تصدیق کی اور کہا کہ دارالحکومت تل ابیب میں دھماکوں کی آواز سنی گئی ہے۔، جس کے فورا بعد شہر کے مختلف علاقوں میں دھوئیں کے بادل فضا میں بلند ہوتے دیکھے گئے۔ دھماکوں کی آوازیں لائیو فوٹیج میں بھی سنی گئیں، جنہوں نے شہر میں خوف و ہراس کی فضا پیدا کر دی۔  اسرائیلی فوج نے تصدیق کی ہے کہ ایران کی جانب سے داغے گئے میزائلوں کی نشاندہی کی گئی ہے  اور فورسز خطرے کو روکنے کے لیے متحرک ہیں۔ فوج کا کہنا ہے کہ وہ میزائلوں کو روکنے کے لیے دفاعی اقدامات کر رہی ہے تاکہ نقصانات کو کم سے کم رکھا جا سکے۔ ترجمان اسرائیلی فوج کے مطابق عوام کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام سیکیورٹی ادارے الرٹ ہیں۔ اسرائیلی میڈیا کے مطابق اس وقت اسرائیل بھر میں خطرے کے سائرن بجائے جارہے ہیں۔ دوسری طرف اسرائیلی فوج نے دعوی کیا ہے کہ اسرائیل نے اصفہان میں نیو کلیئر تنصیب کو بھی نشانہ بنالیا ہے۔ ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے ایرانی عوام سے خطاب میں کہا کہ اسرائیلی حملوں کا جواب دینے میں کوئی کوتاہی برتی نہیں گئی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ایران کی مسلح افواج اسرائیل کو مفلوج کر کے دم لیں گی، صہیونی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیں گی۔ خامنہ ای نے یہ بھی کہا کہ صہیونی ریاست کو اپنے جرائم کا خمیازہ بھگتنا پڑے گا، اسرائیل سزا سے بچ نہیں سکے گا۔