غزہ پر اسرائیلی حملوں میں مزید 75 فلسطینی شہید
غزہ میں نسل کشی کی ہولناک جنگ 627 ویں روز بھی جاری
غزہ ( ویب نیوز)
غزہ پر اسرائیلی حملوں میں منگل کو مزید 75 فلسطینی شہید ہوگئے ہیں ، الجزیرہ کے مطابق امدادی مراکز کے قریب اسرائیلی فائرنگ سے 50 افراد مارے گئے ۔ غزہ کے جنوب میں صلاح الدین اسٹریٹ پر ہونے والے ایک حملے میں کم از کم 25 افراد شہید ہوئے۔ 140 سے زائد دیگر افراد زخمی ہوئے جن میں سے 62 کی حالت نازک ہے۔ مرکز اطلاعات فلسطین کے مطابق
قابض اسرائیل نے غزہ میں نسل کشی کی ہولناک جنگ کو آج 627 ویں دن میں داخل کر دیا ہے۔ ایک طرف مسلسل بمباری، توپوں کی گھن گرج اور ڈرون حملے جاری ہیں، تو دوسری طرف بھوک، پیاس اور بے گھری نے دو ملین سے زائد فلسطینیوں کی زندگی کو موت سے بدتر بنا دیا ہے۔ امریکہ کی کھلی عسکری اور سیاسی سرپرستی میں جاری اس درندگی پر عالمی برادری کا مجرمانہ خاموشی اور بے حسی کا رویہ لمحہ فکریہ ہے۔ہمارے نامہ نگاروں کے مطابق قابض فوج نے گذشتہ رات اور آج صبح کے وقت غزہ کے مختلف علاقوں پر درجنوں فضائی حملے کیے، جن کے نتیجے میں مزید کئی دل دہلا دینے والے قتل عام سامنے آئے۔ بمباری کے باعث بے گھر افراد کی خیمہ بستیاں بھی محفوظ نہ رہ سکیں، جب کہ قحط اور دوا کی کمی سے حالات مزید سنگین ہو گئے ہیں۔غزہ کی وزارت صحت کے مطابق، قابض اسرائیل کی جانب سے 7 اکتوبر سنہ2023 سے جاری نسل کشی میں شہدا کی مجموعی تعداد 55 ہزار 998 ہو چکی ہے، جب کہ زخمیوں کی تعداد 1 لاکھ 31 ہزار 559 سے تجاوز کر گئی ہے۔رات گئے قابض اسرائیل کی بمباری سے بھوک کے مارے درجنوں فلسطینی شہید و زخمی ہوئے جنہیں ہسپتال "العودہ اور "شہدا القص منتقل کیا گیا۔غزہ شہر کے مشرقی علاقے الزیتون میں مسجد الفضیلہ کے قریب کشکو خاندان کے گھر پر بمباری سے ایک معصوم بچہ شدید زخمی کو ہسپتال المعمدانی لایا گیا۔خان یونس کے جنوب مغرب میں قبرستانوں کے قریب بے گھر فلسطینیوں کی خیمہ بستی پر بمباری میں 8 افراد شدید زخمی ہو گئے۔خان یونس کے مغربی علاقے
المواصی کے جنوب میں البراق کالونی کے اطراف قائم بے گھر خیموں پر بھی بمباری کی گئی، جس سے خوف و ہراس کی فضا پھیل گئی۔غزہ کے مغربی ساحلی پٹی پر واقع الشاطء پناہ گزین کیمپ میں ایک گھر پر قابض اسرائیل کے ڈرون حملے میں کم از کم 3 فلسطینی شہید ہو گئے، جن میں دو معصوم بچے بھی شامل ہیں۔وسطی غزہ کے البریج کیمپ میں قابض اسرائیل کی بمباری سے زخمی ہونے والی معصوم بچی ماس ابو ہویشل زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئی۔الشاطء کیمپ میں ایک اور ڈرون حملے میں ایک فلسطینی شہید اور متعدد زخمی ہو گئے۔




