الیکشن کمیشن نے خیبر پختونخوا اسمبلی کی مخصوص نشستوں سے متعلق فیصلہ جاری کردیا
(ن) لیگ اور جے یو آئی کی مخصوص نشستیں برابر،، پیپلزپارٹی کو 5،پی ٹی آئی پی اور اے این پی کو ایک ایک ا
ضافی نشست ملی،فیصلہ
اقلیتی نشست پر (ن)لیگ اور جے یو آئی (ف)میں ٹاس ہوگا
اسلام آباد (ویب نیوز)
الیکشن کمیشن نے خیبر پختونخوا میں مخصوص نشستوں سے متعلق پاکستان مسلم لیگ (ن) کی درخواست منظور کر لی۔فیصلے میں کہا گیا ہے کہ اقلیتی نشست پر (ن)لیگ اور جے یو آئی (ف)میں ٹاس ہوگا۔خیبرپختونخوا اسمبلی میں مسلم لیگ (ن)کو 9، جمعیت علمائے اسلام (ف) کو 9، پیپلزپارٹی کو 5، پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹیرینز (پی ٹی آئی پی) اور عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی)کو ایک ایک اضافی نشست ملی۔مسلم لیگ (ن)لیگ کو خیبر پختوانخوا اسمبلی میں خاتون کی نشست بھی مل گئی، جبکہ مخصوص خاتون کی نشست پر اے این پی اور پی ٹی آئی پی کے مابین ٹاس ہوگا۔ الیکشن کمیشن نے آزاد رکن طارق اعوان کی (ن) لیگ میں شمولیت کو تسلیم کر لیا اور دو جنرل نشستوں پر ایک اضافی مخصوص نشست دینے کی پی ٹی آئی پارلیمنٹیرینز اور عوامی نیشنل پارٹی کی درخواستوں کو مسترد کردیا ہے۔ فیصلے میں لکھا گیا ہے کہ ضمنی انتخاب میں حاصل نشست کو مخصوص نشستوں کے کوٹے کیلئے شمار نہیں کیا جا سکتا۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز الیکشن کمیشن نے خیبرپختونخوا اسمبلی کی مخصوص نشستوں کی تقسیم کے کیس پر فریقین کے دلائل مکمل ہونے پر فیصلہ محفوظ کر لیا تھا۔چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں 5 رکنی بینچ نے کیس کی سماعت کی تھی، اس دوران 5سیاسی جماعتوں اور 21امیدواروں نے موقف پیش کیا تھا۔مسلم لیگ (ن)، جے یو آئی (ف)، پیپلز پارٹی، اے این پی اور پی ٹی آئی پی نے دلائل دئیے تھے، جن میں مخصوص نشستوں کی گنتی، نوٹیفکیشن کی تاریخ اور پارٹی شمولیت کی مہلت جیسے نکات کو بنیاد بنایا گیا تھا۔





