پنجاب اسمبلی میں حکومت اور اپوزیشن کے درمیان بدترین  ہنگامہ آرائی

اپوزیشن رکن خالد نثار ڈوگر نے حکومتی رکن حسان ریاض کو تھپڑ رسد کردیا

قائمقام سپیکر پنجاب اسمبلی ملک ظہیر اقبال چنڑ نے اپوزیشن رکن خالد نثاراور امتیاز شیخ کی ایوان کی 15نشستوں کے لئے رکنیت معطل کردی

پی ٹی آئی انتشاری ٹولہ ہے اگر نو مئی والوں نے ہماری طرف بازو بڑھایا تو وہ بازو کاٹ دیں گے۔رانا محمد ارشد

لاہور (ویب  نیوز)

پنجاب اسمبلی میں حکومت اور اپوزیشن کے درمیان بدترین  ہنگامہ آرائی، اپوزیشن رکن خالد نثار ڈوگر نے حکومتی رکن حسان ریاض کو تھپڑ رسد کردیا، دونوں جانب کے ارکان ایک دوسرے کے ساتھ گھتم گتھا ہوگئے، قائمقام سپیکر پنجاب اسمبلی ملک ظہیر اقبال چنڑ نے اپوزیشن رکن خالد نثار کی رکنیت پندرہ نشستوں کیلیے معطل کردی، کورم کی نشاندہی کرنے پر اپوزیشن کے ایک اور رکن امتیاز شیخ کی بھی رکنیت پندرہ نشستوں کیلیے معطل کردی گئی۔تفصیلات پنجاب اسمبلی کا اجلاس شروع ہوا تو اپوزیشن ارکان قائد حزب اختلاف ملک احمد خان بھچرکی نااہلی کے فیصلہ کے خلاف نعرہ بازی کرتے ہوئے ایوان میں داخل ہوئے۔جس کے جواب میں حکومتی ارکان نے بھی نعرہ بازی شروع کردی۔پنجاب اسمبلی میں حکومت اور اپوزیشن کے درمیان بدترین ہنگامہ آرائی،نعرے بازی کے دوران اپوزیشن رکن خالد نثار ڈوگر نے حکومتی رکن حسان ریاض کو تھپڑ جڑ دیا، اس دوران دونوں جانب کے ارکان ایک دوسرے کے ساتھ گھتم گتھا ہو گئے ،صوبائی وزیر زیشان رفیق بھی ہاتھا پائی میں کود پڑے۔ قائمقام سپیکر ظہیر اقبال چنڑ نے کچھ دیر کے لئے اجلاس ملتوی کرتے ہوئے حکومت اور اپوزیشن کے ارکان سپیکر چیمبر میں طلب کیا، تفصیلی مشاورت کے بعد ظہیر اقبال چنڑ نے اپوزیشن رکن خالد نثار ڈوگر کو پندرہ نشستوں کیلیے معطل کردیا، فیصلہ کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے ڈپٹی اپوزیشن لیڈر معین قریشی نے کہاکہ یہ کسی کی ذاتی لڑائی نہیں تھی معاملہ کو قائمہ کمیٹی برائے ایتھکس کے سپرد ہونا چاہئے تھااس موقع پر پارلیمانی امور کے وزیر مجتبی شجاع الرحمن نے کہا کہ یہ معاملہ ایوان کے تقدس کا معاملہ ہے جس پر سخت ترین کارروائی ہونی چاہئیے، اس دوران اپوزیشن نعرہ بازی کرتے ہوئے ایوان سے باہر نکلی توجاتے جاتے  اپوزیشن رکن امتیاز شیخ نے کورم کی نشاندہی کر دی جس پر ظہیر اقبال چنڑ نے پندرہ نشستوں کیلیے ان کی رکنیت بھی معطل کردی۔ ایوان میں تقریر کرتے ہوئے ن لیگ کے چیف وہپ رانا محمد ارشد نے کہا کہ پی ٹی آئی انتشاری ٹولہ ہے اگر نو مئی والوں نے ہماری طرف بازو بڑھایا تو وہ بازو کاٹ دیں گے، بعدازاں اپوزیشن کی غیر موجودگی میں حکومت نے زرعی انکم ٹیکس پنجاب 2025 سمیت متعدد بلوں کی منظوری دیدی، ایجنڈا مکمل ہونے پر قائمقام سپیکر ظہیر اقبال چنڑ نے پنجاب اسمبلی کااجلاس منگل کی سہ پہر دو بجے تک ملتوی  کردیا، اپوزیشن کی غیر موجودگی میں پنجاب اسمبلی اجلاس پاس کئے جانے والے بلوں میں مسودہ قانون پنجاب اجزائے منشیات کی روک تھام بل 2025 ، مسودہ قانون پنجاب آٹیزم سکول اینڈ ریسورس سینٹر بل 2025 ،پنجاب اسمبلی میں مسودہ قانون پنجاب غیر منقولہ جائیداد ٹیکس (ترمیمی) بل 2025  اور مسودہ قانون پنجاب زرعی انکم ٹیکس ( ترمیمی) بل 2025 شامل ہیںاجلاس سے واک آئوٹ کرنے کے بعد اپوزیشن ارکان نے پنجاب اسمبلی کی سیڑھیوں پر شدید احتجاج اور نعرہ بازی کی