پاکستان اور ایران کے تعلقات کو مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا، جبکہ علاقائی استحکام، تجارت اور اقتصادی تعاون کے فروغ پر توجہ مرکوز کرنے پر اتفاق کیا گیا۔
محمد اسحاق ڈار نے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان سے ملاقات کی، جس میں مشترکہ پاکستان اور ایران کے تاریخی اور برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا
وزارتی سطح کے مذاکرات میں پاکستان اور چین کے ساتھ سلک روڈ منصوبے میں شرکت اور گوادر سے چاہ بہار کے بحری روٹ پر باہمی تجارت میں فروغ پر بات چیت ہوئی،
اسلام آباد (ما نیٹرنگ ڈیسک )
ایرانی صدر مسعود پزشکیا ن اور وزیراعظم شہباز شریف کے درمیان ون آن ون ملاقات ہوئی ہے۔وزیراعظم ہائوس میں ہونے والی ملاقات کے دوران پاک ایران باہمی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے پر بات چیت ہوئی جبکہ علاقائی سلامتی اور مشرق وسطیٰ کی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ایرانی صدر نے ایران اسرائیل جنگ کے دوران پاکستان کی دو ٹوک حمایت پر پاکستانی قیادت اور عوام کا شکریہ ادا کیا۔ قبل ازیں ایرانی صدر مسعود پزشکیان کا وزیراعظم ہائوس اسلام آباد پہنچنے پر وزیراعظم شہباز شریف نے پرتپاک استقبال کیا، دونوں رہنمائوں نے گرمجوشی سے مصافحہ کیا۔اس موقع پر دونوں ممالک کے ترانے بھی بجائے گئے، ایرانی صدر کے اعزاز میں مسلح افواج کی جانب سے گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا، مسعود پزشکیان نے گارڈ آف آنر کا معائنہ کیا۔وزیراعظم نے معزز مہمان سے اپنی کابینہ کے ارکان کا تعارف کرایا جبکہ ایرانی صدر نے بھی وزیراعظم شہباز شریف سے اپنے وفد کے ارکان کی تعارف کرایا۔بعدازاں ایران کے صدر مسعود پزشکیاں نے وزیراعظم ہائوس میں پودا بھی لگایا۔
نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور اسلامی جمہوریہ ایران کے صدرکے مابین ملاقات ہوئی ہے۔ترجمان کے مطابق سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے اسلام آباد میں اسلامی جمہوریہ ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان سے ملاقات کی، جس میں مشترکہ تاریخ، ثقافت اور عقیدے کی بنیاد پر پاکستان اور ایران کے تاریخی اور برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ایرانی صدر نے پاکستان کی حمایت کو سراہا اور مشترکہ دلچسپی کے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو بہتر بنانے کے ایران کے عزم کا اعادہ کیا۔ترجمان کے مطابق مسعود پزشکیان نے دونوں دوست ممالک کے درمیان سیاسی اور اقتصادی تعلقات کو مزید تقویت دینے کے لئے پاکستانی رہنمائوں کے ساتھ بامعنی بات چیت کا بھی عندیہ دیا۔علاوہ ازیں گزشتہ روز وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقی نے بھی ملاقات کی تھی، دونوں رہنمائوں نے پاکستان اور ایران کے تعلقات کو مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا، جبکہ علاقائی استحکام، تجارت اور اقتصادی تعاون کے فروغ پر توجہ مرکوز کرنے پر اتفاق کیا گیا۔
پاکستان کے دورے پر ایران کے صدر کے ہمراہ آنے والی ایرانی وزیر برائے روڈز اینڈ اربن ڈویلپمنٹ فرزانہ صادق نے وفاقی وزرا برائے مواصلات عبدالعلیم خان، وزیر تجارت جام کمال خان اور وزیر ریلویز حنیف عباسی سے مشترکہ اجلاس میں شرکت کی جہاں دونوں ممالک کے مابین پہلے سے موجود دوستانہ اور باہمی تعلقات کو مزید فروغ دینے اور بالخصوص ذرائع آمدورفت میں بہتری لانے کیامختلف امور زیر غور آئے، اجلاس میں ایران کی طرف سے پاکستان اور چین کے ساتھ سلک روڈ منصوبے میں شرکت اور گوادر سے چاہ بہار کے بحری روٹ پر باہمی تجارت میں فروغ پر بات چیت ہوئی، وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے ایران کے صدر اور ان کے ہمراہ آنیوالے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی عوام ایران کو اسرائیل کے خلاف سرخرو ہونے پر مبارکباد دیتے ہیں جو سارے عالم اسلام کے لئے فخر اور مسرت کا مقام ہے، عبدالعلیم خان نے کہا کہ ایران اور پاکستان نے ہمیشہ مضبوطی کے ساتھ ایک دوسرے کا ساتھ دیا جبکہ حالیہ معرکے نے دونوں ممالک کو ایک دوسرے کے مزید نزدیک کر دیا، وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے ایرانی وزیر روڈز اینڈ اربن ڈویلپمنٹ فرزانہ صادق کو 23 اور 24 اکتوبر کو پاکستان میں ہونے والی منسٹریل کانفرنس میں شرکت کی دعوت دی جس میں 20 ممالک شرکت کریں گے، ایرانی وزیر نے اسرائیلی جارحیت کے خلاف بھرپور ساتھ دینے پر پاکستانی عوام کے لئے خیر سگالی کے جذبات کا اظہار کیا، انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ایران کے مابین گاڑیوں کی موجودہ تعداد میں اضافہ ضروری ہے اور ہم کوئٹہ سے زاہدان کے موجودہ روٹ میں بھی جدت لا سکتے ہیں، وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے دونوں ممالک کی طرف سے ورکنگ گروپس کی تجویز پیش کی تاکہ دوطرفہ امور کی تیزی سے تکمیل ہو سکے۔ اجلاس میں وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے ایرانی وزیر کو تجارت کے حجم میں اضافے اور مختلف امور پر بریفنگ دی انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک ایک دوسرے کے لئے ٹریڈ مارکیٹ ثابت ہو سکتے ہیں کیونکہ کئی ایک شعبوں میں خاطر خواہ گنجائش موجود ہے، وفاقی وزیر ریلویز حنیف عباسی نے اسلام آباد، تہران اور استنبول ریل منصوبے کا از سر نو جائزہ لینے کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ پاکستان سے زاہدان کے ریلوے ٹریک کو اپ گریڈ اور تعداد میں اضافہ کریں گے، ایرانی وزیر روڈز اینڈ اربن ڈویلپمنٹ فرزانہ صادق نے وفاقی وزرا صاحبان کا شکریہ ادا کرتے ہو ایران کی جانب سے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا اورکہا کہ ان کا دورہ پاکستان انتہائی خوشگوار اور یادگار ہے جس سے دونوں ممالک کو مزیدفعال انداز میں کام کرنے کا موقع ملے گا، وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے اپنے حالیہ دورہ ایران کا حوالہ دیتے ہوئے دونوں ممالک کے مابین ہونے والی پیش رفت کو مثبت قرار دیا انہوں نے ایران کی وزیر برائے روڈز اینڈ اربن ڈویلپمنٹ فرزانہ صادق کو تحائف بھی پیش کیے اور ایران کی عوام کے لئے خیر سگالی کے جذبات کا اظہار کیا۔





