امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن کی ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے ملاقات
ایوان صدر تہران میں ہونے والی ملاقات میں پاک ایران تعلقات، مسئلہ فلسطین و دیگر عالمی اور علاقائی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا
تہران ( ویب نیوز )
امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے صدر اسلامی جمہوریہ ایران مسعود پزشکیان سے ملاقات کی ہے۔ ایوان صدر تہران میں ہونے والی ملاقات کے دوران پاک ایران تعلقات، خطے کی صورتحال، مسئلہ فلسطین اور دیگر عالمی اور علاقائی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر باہمی دلچسپی کے امور پر بھی گفتگو ہوئی۔
صدر اسلامی جمہوریہ ایران نے امیر جماعت اسلامی سے گفتگو کرتے ہوئے حالیہ ایران اسرائیل جنگ کا تذکرہ کیا اور پاکستان کی جانب سے تہران کی حمایت پر پاکستانی عوام، حکومت اور جماعت اسلامی کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایران نے اسرائیلی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا اور اللہ تعالی کی مددونصرت سے کامیابی حاصل کی۔ مسعود پزشکیان نے کہا کہ پاکستانی قوم بھی اس فتح پر مبارکباد کی مستحق ہے۔
مسعود پزشکیان کا کہنا تھا کہ بعض مغربی ممالک کا ایران کی جانب جارحانہ رویہ تہران کی فلسطین میں اسرائیلی جارحیت کی مخالفت کی وجہ سے ہے۔ ایران اپنے موقف پر ڈٹ کر کھڑا ہے اور نہتے فلسطینوں کی اخلاقی و سفارتی مدد جاری رکھے گا۔ انہوں نے کہا اسرائیل کا وجود پورے عالم اسلام کے امن کے لئے خطرہ ھے۔ پاکستان اور ایران مسلمان ہمسایہ ملک ہیں جو اسرائیل سے تنازعہ کے بعد مزید قریب آئے ہیں۔ دونوں اسلامی برادر ممالک امت مسلمہ اور اپنے عوام کی خوشحالی اور امن کے فروغ کے لیے اقدامات جاری رکھیں گے۔
حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ وہ ایرانی قوم اور حکومت سے اظہار یکجہتی کے لئے ایران آئے ہیں۔ انہوں نے صدر ایران کو یقین دلایا کہ پوری پاکستانی قوم اپنے ایرانی بھائیوں کے ساتھ ھے، دونوں ہمسایہ اسلامی ممالک کے عوام گہرے مذہبی اور تہذیبی رشتوں میں بندھے ہوئے ہیں جو حقیقت میں یک جان دو قالب ھیں۔ امیر جماعت اسلامی نے کشمیر سمیت اہم علاقائی معاملات پر تہران کی پاکستان کی حمایت پر اہلیان پاکستان کی جانب سے ایرانی قوم اور حکومت کا شکریہ ادا کیا اور ایرانی صدر کو یقین دلایا کہ ہمیشہ کی طرح جماعت اسلامی دونوں ممالک کے تعلقات کے فروغ اور اتحاد امت کے لئے کردار ادا کرتی رہے گی۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ ایران اور پاکستان امن ، بھائی چارے، معیشت میں بہتری اور اتحاد امت کے بڑے مقاصد کے حصول کے لئے معمولی اختلافات کو نظر انداز کرکے آگے بڑھیں۔
امیرجماعت اسلامی جو وفد کے ہمراہ ایران کے دورہ پر ہیں نے منگل کو ایران کے وزیرخارجہ سید عباس عراقچی سے بھی ملاقات کی۔
امیر جماعت اسلامی کے وفد میں ڈائریکٹر امور خارجہ جماعت آصف لقمان قاضی اور معاون خصوصی ڈاکٹر سمیع الحق شیرپاؤ شامل ہیں۔





