FILE PHOTO: Flames and smoke rise during Israeli air strikes amid a flare-up of Israel-Palestinian violence, in the southern Gaza Strip May 11, 2021. REUTERS/Ibraheem Abu Mustafa

اسرائیلی حملوں میں مزید 84  فلسطینی شہید

شہادتوں کی کل تعداد 64,231  ہوگئی

غزہ ( ویب  نیوز) الجزیرہ ٹی وی کے مطابق  اسرائیلی حملوں میں کم از کم 84  فلسطینی شہید اور 338 دیگر زخمی ہو گئے  ہیں۔غزہ میں وزارت صحت  کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں کم از کم 17 افراد امداد کی تلاش میں  مارے گئے  اور 174 زخمی ہوئے،امداد کی تلاش میں  مارے گئے افراد کی کل تعداد 2,356 ہوگئی، جبکہ کم از کم 17,244 امداد کے متلاشی زخمی ہوئے۔ غزہ پر اسرائیل کی جنگ میں شہادتوں کی کل  تعداد 64,231  ہوگئی ہے 7 اکتوبر 2023 سے 161,583 زخمی ہوئے ہیں۔- غزہ میں قحط اور غذائی قلت کے باعث انسانی المیہ شدت اختیار کرتا جا رہا ہے۔- وزارتِ صحت کے مطابق، گزشتہ 24 گھنٹوں میں   بھوک سے  مزید  3 فلسطینی شہید ہوئے، جس کے بعد غذائی قلت سے شہادتوں کی مجموعی تعداد 370 تک پہنچ گئی ہے، جن میں 131 معصوم بچے شامل ہیں۔ اسرائیل کے جمعرات علی الصبح کے حملوں میں 31 فلسطینی شہید ہوئے جن میں سے 20 شہادتیں صرف غزہ شہر میں ہوئیں۔قابض فوج نے شہر کے العیون اسٹریٹ پر ایک خیمے کو نشانہ بنایا جہاں بے گھر فلسطینی پناہ لیے ہوئے تھے جس کے نتیجے میں متعدد شہری زخمی ہوئے۔مشرقی غزہ کے محلہ زیتون میں قابض فوج نے کئی گھروں کو بمباری سے ملیا میٹ کر دیا۔شجاعیہ میں حاجازی خاندان کے مکان پر صہیونی فضائی حملے سے کئی افراد زخمی اور بعض ملبے تلے دب گئے۔تل التفاح، الصفطاوی، الزیتون، الصبرہ اور دیگر محلات بھی توپ خانے اور فضائی حملوں کی زد میں آئے۔رفح کے شمال میں امدادی مراکز کے قریب صہیونی بمباری میں تین فلسطینی شہید ہوئے جن میں ایک کی شناخت محمد رسمی عودہ قدیح کے نام سے ہوئی۔نصیرات کیمپ میں ابو العیش خاندان کے سات افراد ایک ہی خیمے پر بمباری میں شہید ہوئے  جن میں چار بچے بھی شامل ہیں۔ شہدا میں عدنان شحادہ ابو العیش (عمر56 سال)، معین عادل ابو العیش (عمر38 سال)، صابرین موسی ابو مرعی ( عمر35 سال)، محمد عدنان ( عمر15 سال)، انس معین (عمر11 سال)، آدم معین (عمر8 سال)، عدنان خلیل (عمر7 سال ) شامل ہیں۔خان یونس اور غزہ کے مختلف علاقوں میں مزید خیمے اور گھروں کو نشانہ بنایا گیا جن میں بچے اور خواتین بڑی تعداد میں شہید و زخمی ہوئے۔صبرہ محلے میں ایک حاملہ خاتون اپنے ننھے بچے سمیت شہید ہو گئی۔ درجنوں زخمی اسپتالوں میں لائے گئے۔خان یونس کے شمال میں گھروں کو دھماکوں سے اڑا دیا گیا۔دیر البلح کے مشرقی علاقے کسوفیم کے قریب مہیمن غازی شاہین کو صہیونی فوج نے گولی مار کر شہید کر دیا۔غزہ کی 88 فیصد عمارتیں تباہ کر دی گئیں، جن میں 149 سکول، جامعات اور تعلیمی ادارے، 828 مساجد مکمل طور پر اور 167 جزوی طور پر ملبے کا ڈھیر بن گئیں۔ حتی کہ 19 قبرستان بھی مسمار کر ڈالے  گئے۔ مجموعی نقصان 62 ارب ڈالر سے تجاوز کر گیا ہے جبکہ قابض فوج نے غزہ کی 77 فیصد زمین پر قبضہ جما لیا ہے۔