آن لائن فروخت کرنے والوں کیلئے مشکلات، ایف بی آر نے کوریئر کمپنیوں پر پابندیاں لگادیں

کراچی(ویب  نیوز)

فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے اعلان کیا ہے کہ یکم جولائی 2025 سے کوئی بھی آن لائن مارکیٹ پلیس (OMP) یا کوریئر کمپنی غیر رجسٹرڈ بیچنے والوں کو سہولت فراہم نہیں کر سکے گی۔ یہ قدم ای کامرس کیلئے نئے ٹیکس ریجیم کے تحت اٹھایا گیا ہے۔ایف بی آر کے جاری کردہ انکم ٹیکس سرکلر کے مطابق، ہر بیچنے والے کیلئے انکم ٹیکس میں رجسٹریشن لازمی قرار دی گئی ہے۔ اب آن لائن مارکیٹ پلیس اور کوریئر کمپنیاں اس وقت تک اپنی خدمات فراہم نہیں کر سکیں گی جب تک کہ بیچنے والا ٹیکس نیٹ میں شامل نہ ہو۔ اس کے ساتھ ساتھ OMPs کو اپنے پلیٹ فارمز استعمال کرنے والے تمام وینڈرز کی تفصیلات ایف بی آر کو دینا ہوں گی۔ایف بی آر نے وضاحت کی کہ پاکستان میں ریٹیل مارکیٹ تیزی سے ڈیجیٹل ہو رہی ہے، مگر بیشتر آن لائن بیچنے والے غیر رجسٹرڈ اور غیر رسمی طریقے سے کاروبار کر رہے ہیں۔ اس صورتحال سے نمٹنے کیلئے ایک نیا فریم ورک تیار کیا گیا ہے جس کے تحت بیچنے والوں کو نیشنل ٹیکس نمبر (NTN) ایک آسان عمل کے ذریعے جاری کیا جائے گا۔ مزید یہ کہ ہر آن لائن ٹرانزیکشن پر ودہولڈنگ ٹیکس کے ذریعے محصولات وصول کیے جائیں گے۔ایف بی آر کے مطابق اگر کوئی وینڈر اپنی اشیا آن لائن مارکیٹ پلیس یا ذاتی ای اسٹور کے ذریعے فروخت کرتا ہے اور خریدار کیش آن ڈیلیوری (CoD) کے ذریعے ادائیگی کرتا ہے تو کوریئر کمپنی یا متعلقہ ایگریگیٹر تمام قانونی ذمہ داریاں پوری کرنے کا پابند ہوگا۔ اس میں کوریئر کمپنی کو خریدار سے رقم وصول کرنے اور ٹیکس قوانین پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔