غزہ پراسرائیل کے حملوں میںشدت ، مزید 77  فلسطینی شہید اور 356 زخمی

غزہ ( ویب  نیوز)

اسرائیلی فوج نے ہفتے کے روز ایک بیان میں اعلان کیا کہ اس نے گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران غزہ کی پٹی میں تقریبا 120 فضائی حملے کیے ہیں۔ادھر اسرائیلی نشریاتی ادارے کے مطابق 8 لاکھ سے زیادہ فلسطینی غزہ شہر چھوڑ کر جا چکے ہیں۔فلسطینی وزارت صحت نے اعلان کیا ہے کہ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران قابض اسرائیل کے وحشیانہ حملوں میں 77 فلسطینی شہید اور 356 زخمی ہوئے۔ شہدا میں 3 افراد ایسے بھی شامل ہیں جن کی لاشیں ملبے تلے سے نکالی گئیں۔وزارت صحت کے مطابق گذشتہ روز صرف امداد کی تلاش میں نکلنے والوں پر اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں 17 فلسطینی شہید اور 89 زخمی ہسپتالوں میں لائے گئے۔ یوں روزی روٹی کے متلاشی شہدا کی مجموعی تعداد بڑھ کر 2 ہزار 560 ہو گئی جبکہ زخمیوں کی تعداد 18 ہزار 703 سے تجاوز کر گئی ہے۔بیان میں مزید بتایا گیا کہ شہدا کی مجموعی فہرست میں مزید 300 افراد کے نام شامل کیے گئے ہیں جن کے بارے میں عدالتی کمیٹی نے مکمل معلومات اکٹھی کر کے انہیں باضابطہ طور پر شہدا کی فہرست میں شامل کر لیا ہے۔وزارت صحت کے مطابق 18 مارچ 2025 سے آج تک قابض اسرائیل کے عدوان کے نتیجے میں 13 ہزار 60 فلسطینی شہید اور 55 ہزار 742 زخمی ہو چکے ہیں۔جبکہ 7 اکتوبر سنہ2023 سے جاری اس وسیع اسرائیلی جارحیت میں مجموعی طور پر شہدا کی تعداد 65 ہزار 926 اور زخمیوں کی تعداد 167 ہزار 783 تک پہنچ گئی ہے،وزارت صحت نے اس بات پر بھی زور دیا کہ اب بھی بڑی تعداد میں فلسطینی لاشیں ملبے تلے اور سڑکوں پر پڑی ہیں، تاہم قابض اسرائیل کے حملوں اور محاصرے کے باعث ایمبولینسیں اور سول ڈیفنس کی ٹیمیں ان تک پہنچنے سے قاصر ہیں، جس سے انسانی المیہ مزید سنگین ہو رہا ہے