بہت جلد آپ جان سکیں گے کہ ایک ایکس (ٹوئٹر) اکاؤنٹ کا تعلق کس ملک سے ہے

اگر آپ اکثر ایکس (ٹوئٹر) میں اسکرولنگ کرتے ہوئے سوچتے ہیں کہ ہر وقت سیاست پر بات کرنے والے اکاؤنٹ کا تعلق کس ملک سے ہوسکتا ہے، تو اب جلد آپ کو اس کا جواب مل سکے گا۔ ایلون مسک کے زیر ملکیت سوشل میڈیا پلیٹ فارم میں ایک نئے فیچر کی آزمائش کی جا رہی ہے۔ اس فیچر کے تحت دکھایا جائے گا کہ کسی اکاؤنٹ کا تعلق کس ملک سے ہے جبکہ یوزر نیم تبدیل کرنے کی تاریخ بھی ساتھ میں موجود ہوگی۔ ایکس کے پراڈکٹ ہیڈ Nikita Bier نے بتایا کہ کمپنی کی جانب سے صارفین کی پروفائلز میں نئی تفصیلات دکھانے کے حوالے سے تجربات کیے جا رہے ہیں۔ اس تبدیلی کا مقصد سوشل میڈیا پلیٹ فارم میں جعلی اکاؤنٹس اور گمراہ کن تفصیلات کے پھیلاؤ کی روک تھام کرنا ہے۔ انہوں نے ایک ایکس پوسٹ میں بتایا کہ جب آپ ایکس پر مواد کو پڑھتے ہیں، تو آپ کو اس کے مستند ہونے کی تصدیق کرنے کی بھی ضرورت ہوتی ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ اہم معاملات میں حقائق کی جانچ پڑتال ضروری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آئندہ چند روز میں کمپنی کے اندر اس فیچر کی آزمائش شروع کی جا رہی ہے۔ انسٹا گرام میں بھی اسی طرح کا ایک فیچر موجود ہے مگر وہاں لوکیشن ڈیٹا آپشنل ہے۔ Nikita Bier نے عندیہ دیا کہ ایکس میں بھی اسے آپشنل رکھے جانے کا امکان ہے، البتہ جب صارفین کی جانب سے اسے چھپایا جائے گا تو ایپ ان کی پروفائل میں اس کی نشاندہی کرے گی۔




