الف اردو ورژن برائے میٹا اے آئی کا اجرائ

الف میٹا اے آئی کی اردو ورژن ایک تاریخی سنگِ میل ہے،شزافاطمہ

وزارتِ آئی ٹی اور میٹا کا پاکستان میں اے آئی لٹریسی اور گورنمنٹ ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن ایکسپیریئنس پروگرام کا بھی اعلان

اسلام آباد(  ویب  نیوز)

وزارتِ انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن (MoITT) نے میٹا کے اشتراک سے Future in Focus: AI and Innovation کے عنوان سے ایک تقریب کا انعقاد کیا، جس کا مقصد پاکستان میں ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن اور مصنوعی ذہانت (AI) کے فروغ کو آگے بڑھانا تھا۔ اس موقع پر حکومتی رہنماؤں، صنعتی ماہرین اور تعلیمی نمائندگان نے شرکت کی تاکہ ملک بھر میں مصنوعی ذہانت اور ڈیجیٹل جدت کے فروغ کو تیز تر بنایا جا سکے۔تقریب کے دوران عوامی شعبے اور مقامی برادری کو بااختیار بنانے کے لیے متعدد نئی پہلوں کا اعلان کیا گیا۔ ان میں میٹا کی جانب سے میٹا اے آئی کے لیے اردو زبان میں ایک نئے فیچر الف کا اجرا شامل تھا، جس کے ذریعے اب صارفین میٹا اے آئی سے انگریزی کے ساتھ ساتھ اردو میں بھی گفتگو کر سکیں گے۔ یہ نیا اضافہ عوام کو معلومات حاصل کرنے، خود کا اظہار کرنے اور اپنے لیے اہم امور سے جڑے رہنے میں مزید آسانی فراہم کرے گا۔وفاقی وزیر برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی و ٹیلی کمیونیکیشن شزا فاطمہ خواجہ نے تقریب کا افتتاح کیا۔ انہوں نے کہاکہ وزیرِ اعظم کے ڈیجیٹل نیشن وژن کے تحت پاکستان اس سمت میں گامزن ہے جہاں ٹیکنالوجی ہر شہری کو بااختیار بناتی ہے۔ ہماری نیشنل اے آئی پالیسی اور میٹا کے ساتھ شراکت داری اسی عزم کی عکاس ہے، جو حکومت اور تعلیمی اداروں میں اے آئی لٹریسی، ڈیجیٹل ٹرانسفارمیشن اور انوویشن کے فروغ کا باعث بن رہی ہے۔ الف یعنی میٹا اے آئی کا اردو ورژن ایک تاریخی سنگِ میل ہے جو ٹیکنالوجی کو عوام کے لیے مزید قابلِ رسائی اور شمولیتی بنا رہا ہے، تاکہ کوئی بھی اس ڈیجیٹل سفر میں پیچھے نہ رہ جائے۔میٹا نے ڈیلائیٹ کے اشتراک سے تیار کردہ Transforming Public Sector Innovation in Asia Pacific with Llama گائیڈ کا مقامی ورژن بھی متعارف کرایا، جو وزارت آئی ٹی کے تعاون سے تیار کیا گیا ہے۔ یہ دستاویز ظاہر کرتی ہے کہ کس طرح میٹا کا اوپن سورس اے آئی ماڈل Llama سرکاری امور میں بہتری، عوامی خدمات کے معیار میں اضافہ اور ڈیٹا خودمختاری کے فروغ میں معاون ثابت ہو سکتا ہے۔سارم عزیز، ڈائریکٹر پبلک پالیسی برائے جنوبی و وسطی ایشیا، میٹا، نے کہا کہ میٹا پاکستان کے اے آئی سے ترقی و اختراع کے وژن کی بھرپور حمایت کرتا ہے۔ MoITT، HEC، NCEAC اور ایٹم کیمپ کے ساتھ ہمارے اشتراک کے ذریعے ہم عوامی شعبے اور تعلیمی اداروں کو مصنوعی ذہانت کے استعمال سے ڈیجیٹل تبدیلی کے لیے بااختیار بنانا چاہتے ہیں۔ ہمیں خوشی ہے کہ اب میٹا اے آئی اردو زبان میں بھی دستیاب ہے، جو مقامی برادریوں کے لیے اپنی زبان میں ٹیکنالوجی سے جڑنے کے نئے امکانات پیدا کرے گا۔فِضہ امجد، سی ای او ایٹم کیمپ نے کہاکہ غیر تکنیکی فیکلٹی کو اے آئی سے متعلق علم فراہم کر کے ہم ایک ایسا سلسلہ شروع کر رہے ہیں جو ہزاروں طلبہ تک پہنچے گا اور تعلیم و صنعت کے درمیان تعلق کو مزید مضبوط کرے گا۔ یہ اقدام اس بات کو یقینی بناتا ہے کہ اے آئی کی سمجھ کمپیوٹر سائنس سے آگے جا کر ہر شعبے کے ماہرین تک پہنچے، تاکہ مستقبل کے پیشہ ور افراد ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز کے ساتھ بہتر انداز میں کام کر سکیں۔ یہ پاکستان میں ایک زیادہ اے آئی فہم تعلیمی ماحول کی تعمیر کی سمت ایک اہم قدم ہے۔اس سے قبل، وزارتِ آئی ٹی و ٹیلی کام نے میٹا، ہائر ایجوکیشن کمیشن (HEC)، نیشنل کمپیوٹنگ اینڈ ایمرنگ سائنسز ایکریڈیٹیشن کونسل (NCEAC) اور ایٹم کیمپ کے اشتراک سے اے آئی لٹریسی پروگرام کا آغاز کیا تھا، جس کا مقصد ملک بھر کی جامعات کے 350 غیر کمپیوٹر سائنس اساتذہ کو اے آئی کی بنیادی مہارتیں فراہم کرنا تھا تاکہ وہ نئی نسل کو مستقبل کے تقاضوں کے مطابق تربیت دے سکیں۔یہ وزارتِ آئی ٹی و ٹیلی کام کے اس عزم کی عکاس ہیں کہ پاکستان میں مصنوعی ذہانت اور سرکاری ڈیجیٹلائزیشن کے عمل کو مزید مضبوط بنایا جائے۔ میٹا اپنے شراکت داروں کے ساتھ مل کر ڈیجیٹل مہارتوں کی تعمیر، ذمہ دارانہ اے آئی کے فروغ اور تعاون کو بڑھا کر عوامی خدمات کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے کوشاں ہے۔