ایف آئی اے نے 36 گھنٹے میں ہی شبر زیدی کے خلاف مقدمہ واپس لے لیا
ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل کراچی نے مقدمے کو سی کلاس کرنے کی رپورٹ عدالت میں جمع کرادی
کراچی ( وبب نیوز)
ایف آئی اے کراچی زون کو سابق چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی کے خلاف درج مقدمے میں اس وقت شرمندگی کا سامنا ہے۔ صرف 36 گھنٹے میں ہی ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل کراچی نے مقدمے کو سی کلاس کرنے کی رپورٹ عدالت میں جمع کرادی ۔ذرائع کے مطابق، 29 اکتوبر کی شام 5 بجے ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل کراچی نے مقدمہ الزام نمبر 32/2025 درج کیا، جس میں سابق چیئرمین ایف بی آر شبر زیدی، ایف بی آر حکام اور حبیب بینک لمیٹڈ کی انتظامیہ کو نامزد کیا گیا۔ قانونی تقاضوں کے مطابق، مقدمے کے اندراج کے 48 گھنٹوں کے دوران اداروں کو ریکارڈ کے لیے لیٹر لکھے جانے اور ملزمان کی گرفتاری کے اقدامات ہونا تھے، مگر حیران کن طور پر صرف 36 گھنٹے کے اندر ہی جمعہ کی صبح اسپیشل کورٹ سینٹرل ون میں مقدمے کو سی کلاس کرنے کی رپورٹ جمع کرادی گئی جس کا مطلب عملی طور پر مقدمہ ختم کرنے ہوتا ہے ۔دلچسپ امر یہ ہے کہ عدالت نے تاحال سی کلاس رپورٹ پر کوئی احکامات جاری نہیں کیے، مگر ایف آئی اے حکام نے جس برق رفتاری سے مقدمہ بند کرنے کی کوشش کی، وہ ایف آئی اے کے مروجہ طریقہ کار سے صریحا انحراف ہے۔ایف آئی اے کی عدالت میں جمع کرائی گئی رپورٹ کے مطابق، ایف آئی اے کراچی زون نے مقدمہ نمبر 32/2025 منسوخ کرنے کی منظوری دے دی ہے۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پولیس رول 1934 کے رول 24.7 کے تحت مقدمے کی منسوخی کی اجازت دی گئی، اور اعلی حکام نے مقدمے کو سی کلاس میں شامل کرنے کی ہدایت جاری کی





