کوائف طلبی کے نام پر مدارس کے ساتھ امتیازی رویہ ناقابلِ برداشت ہے، یہ سلسلہ فوری طور پر بند کیا جائے،اتحاد تنظیماتِ مدارس
سی ٹی ڈی کی طرف سے تیار شدہ فارم کو یکسر طور پر مسترد کرتے ہیں،صوبائی صدر مولانا حسین احمد
پشاور( ویب نیوز)
اتحاد تنظیماتِ مدارسِ پاکستان خیبر پختونخوا کے صوبائی صدر مولانا حسین احمد نے اتحاد تنظیماتِ مدارس نے کہاہے کہ مدارس کو محکمہ تعلیم کے ساتھ زبردستی رجسٹریشن پر مجبور کرنا آئین کی خلاف ورزی ہے۔ ان خیالات کا اظہار اتحاد تنظیماتِ مدارسِ پاکستان خیبر پختونخوا کے مشترکہ اعلی سطح اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اتحاد تنظیماتِ مدارسِ خیبر پختونخوا کے قائدین نے محکمہ تعلیم کی جانب سے مدارس کو زبردستی رجسٹریشن پر مجبور کرنے اور کوائف طلبی کے نام پر تنگ کیے جانے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اقدام آئین پاکستان کی صریح خلاف ورزی ہے۔ 26ویں آئینی ترمیم میں مدارس کو اختیار دیا گیا ہے کہ وہ محکمہ تعلیم کے ساتھ رجسٹریشن کریں یا 1860 کے سوسائٹی ایکٹ کے تحت قائدین نے واضح کیا کہ سی ٹی ڈی کا تیار کردہ یکطرفہ فارم مدارس پر مسلط کرنے کی کوشش کسی طور قابلِ قبول نہیں۔ فارم میں غیر متعلقہ سوالات ہیں، جن کی وجہ سے ہم اس فارم کو بالکلیہ طور پر مسترد کرتے ہیں۔ ہم اس ملک کے محب وطن شہری ہیں۔ جب دیگر تعلیمی اداروں، اسکولوں، کالجوں اور یونیورسٹیوں کے اساتذہ یا عام شہریوں سے ایسے کوائف طلب نہیں کیے جاتے تو صرف مدارس کو نشانہ بنانا امتیازی سلوک کے مترادف ہے۔اتحاد تنظیماتِ مدارس کے قائدین نے تمام مدارس کو ہدایت کی کہ وہ سی ٹی ڈی یا محکمہ تعلیم کا غیر قانونی اور غیر آئینی فارم ہرگز پر نہ کریں۔ قائدین نے کہا کہ مدارسِ دینیہ امن و سلامتی کے مراکز ہیں، جہاں تیس لاکھ سے زائد طلبہ کو مفت تعلیم، قیام و طعام فراہم کیا جا رہا ہے۔ ان کی خدمات قوم کے ہر طبقے پر روزِ روشن کی طرح عیاں ہیں۔ مدارسِ دینیہ تعلیمی و رفاہی ادارے ہیں جنہوں نے ہمیشہ ملک و ملت کی خدمت کی ہے۔ انہیں شک کی نگاہ سے دیکھنا اور دہشتگردوں کی طرح ٹریٹ کرنا انتہائی افسوسناک اور ناقابلِ برداشت طرزِ عمل ہے۔ اجلاس میں تنظیم المدارس اہلسنت پاکستان کے مولانا ڈاکٹر عبدالناصر لطیف، وفاق المدارس السلفیہ پاکستان کے مولانا عمر عبدالعزیز ، مولانا عبدالبصیر رستمی، رابط المدارس الاسلامیہ پاکستان، کے مولانا عبدالاکبر چترالی، وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے مولانا سید عبدالبصیر شاہ ، حافظ محمد داود فقیر ،مولانا ارشد علی قریشی وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے علامہ عابد حسین شاکری کے علاوہ کثیر تعداد میں اتحاد تنظیمات مدارس کے ارکان شریک ہوئے۔





