ای سی سی نے فائیو جی سپیکٹرم نیلامی کی منظوری دیدی.
ڈیجیٹل پاکستان پروگرام کو آگے بڑھانے کے لیے اقدامات کا سلسلہ جاری ہے جب کہ حکومت اس سفر میں مزید تیزی لا رہی ہے. وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب

انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل پاکستان پروگرام کو آگے بڑھانے کے لیے اقدامات کا سلسلہ جاری ہے جب کہ حکومت اس سفر میں مزید تیزی لا رہی ہے، مالیاتی اور ڈیجیٹل شمولیت میں سپیکٹرم کا بہت بڑا کردار ہے جب کہ جن سپیکٹرم کی نیلامی نہیں ہو سکی، وہ ایک لحاظ سے ملک کے لیے مالی نقصان ہی ہے، کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کے آج منگل کے روز ہونے والے اجلاس میں سپیکٹرم کی نیلامی کی منظوری دی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ سپیکٹرم ایڈوائزری کمیٹی نے نیشنل اکنامک ریسرچ ایسوسی ایٹس (نیرا) کے نام سے کنسلٹنٹ کی خدمات حاصل کی تھیں، نیرا نے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی اور دیگر متعلقہ اداروں کی نگرانی میں تفصیلی طور پر شراکت داروں کے ساتھ رابطہ کاری کی اور ماضی میں سپیکٹرم کی ملکی، علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر ہونے والی نیلامیوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔
محمد اورنگزیب نے کہا کہ سپیکٹرم کی نیلامی کے عمل میں تمام بین الاقوامی معیارات کو ملحوظ خاطر رکھا گیا اور اسی بنیاد پر سپیکٹرم کی قیمت، ادائیگی کی شرائط اور نیلامی کے ڈیزائن کے حوالے سے سفارشات دی گئیں، ان سفارشات پر غور و خوض کیا گیا اور سب سے پہلے پاکستان کے نقطہ نظر سے ان کو آگے لے کر جایا گیا جس کے بعد اقتصادی رابطہ کمیٹی نے آج ان سفارشات کی منظوری دے دی ہے۔





