کراچی (ویب  نیوز )

پاکستان تحریک انصاف اتوار 11 جنوری کو باغ جناح میں جلسہ کر سکے گی یا نہیں تاحال این او سی جاری نہ ہو سکا۔

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کے دورہ سندھ کے دوران اتوار 11 جنوری کو باغ جناح میں جلسہ سے خطاب کرنا بھی شیڈول میں شامل ہے اور اس کے لیے پی ٹی آئی درخواست دے چکی ہے۔

تاہم شیڈول کے مطابق یہ جلسہ ہو سکے گا یا نہیں، معاملہ کھٹائی میں پڑ گیا ہے، کیونکہ اسسٹنٹ کمشنر کراچی نے تاحال پی ٹی آئی کو این او سی جاری نہیں کیا ہے۔

اس حوالے سے پاکستان تحریک انصاف کراچی کجے صدر راجا اظہر کا کہنا ہے کہ ہمیں سندھ حکومت نے زبانی جلسہ کرنے کی اجازت دے دی ہے، تاہم اسسٹنٹ کمشنر کراچی نے اس حوالے سے کوئی این او سی جاری نہیں کیا ہے۔

صدر پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ اتوار کو جلسے کے لیے آج تین بجے تک این او سی جاری ہونا ضروری ہے، کیونکہ ہمیں اس کے بعد جلسے کے لیے مزار قائد کی انتظامیہ کو چالان جمع کرانا ہوگا۔ اسسنٹنٹ کمشنر سمیت ضلعی انتظامیہ اب ہمارا فون نہیں اٹھا رہی۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ مزار قائد کی انتظامیہ نے این او سی کے ساتھ 25 لاکھ کا پے آرڈر جمع کرانے کا کہا ہے۔ اس میں 20 لاکھ روپے چالان کی مد میں جب کہ 5 لاکھ روپے سیکیورٹی ڈیپازٹ کے طور پر جمع کرانے ہوں گے۔

واضح رہے کہ چار روزہ دورہ سندھ کے لیے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی اپنی کابینہ اراکین اور پارٹی کے پارلیمنٹرین کے ہمراہ کراچی پہنچ چکے ہیں۔

ان کا طیارہ کئی گھنٹے کی تاخیر سے روانہ ہوا۔ وزیراعلیٰ کے پی نے انتظامیہ پر جان بوجھ کر تاخیر کا الزام عائد کیا ہے۔