کراچی میں بڑی عمارتوں اور پلازوں میں آئے روز آتشزدگی کے واقعات شہری اور صوبائی حکومتوں کی نااہلی کا ثبوت ہے۔حافظ نعیم الرحمن
 بلدیاتی قانون کے خلاف جماعت اسلامی کے عوامی ریفرنڈم میں عوام نے بھر پور رائے کا اظہار کیا ہے
جماعت اسلامی زراعت کو بربادی سے بچانے کے لیے پورے ملک میں منعظم تحریک چلائے گی،لیاقت بلوچ

لاہور (  ویب نیوز )

امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے گل پلازہ میں آتشزدگی اورقیمتی جانی و مالی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی جیسے بڑے شہر میں آئے روز آتشزدگی کے واقعات شہری اور صوبائی حکومت کی نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔بڑے پلازوں اور عمارتوں کی تعمیر میں حفاظتی اقدامات کو یقینی نہیں بنایا جاتا جس کی وجہ سے شہریوں کو نہ صرف جانی نقصان اٹھانا پڑتا ہے بلکہ دکانداروں اور تاجروں کو عمر بھر کی کمائی سے بھی ہاتھ دھونا پڑتے ہیں۔حافظ نعیم الرحمن نے آتشزدگی کے واقعہ میں فائر فائٹر اور دوسرے شہداء کے غمزدہ خاندانوں سے گہری ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا اور وفاقی و صوبائی حکومتوں سے مطالبہ کیا کہ جاں بحق و زخمیوں کے خاندانوں کی فوری امداد کی جائے اور مالی نقصان کا بھی ازالہ کیا جائے۔حافظ نعیم الرحمن نے زخمیوں کے بہترین اور مفت علاج کی سہولت دینے اور خاندانوں کی مدد کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔امیر جماعت اسلامی نے الخدمت فاؤنڈیشن کو ریلیف کی سرگرمیوں میں بھرپور حصہ لینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ دکھ اور مصیبت کی اس گھڑی میں جماعت اسلامی متاثرہ خاندانوں کو تنہا نہیں چھوڑے گی۔

 پنجاب میں کالا بلدیاتی قانون کے خلاف عوامی ریفرنڈم 

نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ پنجاب میں کالا بلدیاتی قانون کے خلاف جماعت اسلامی کے عوامی ریفرنڈم میں عوام نے بھر پور رائے کا اظہار کیا ہے۔امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن 20 جنوری کو  منصورہ میں پریس کانفرنس میں عوامی ریفرنڈم کے نتائج کا اعلان کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کابلدیاتی ایکٹ آئین سے بغاوت اور عوام کے منتخب اداروں پر بیورو کریسی،نوکر شاہی،غیر منتخب اداروں کو بالا دست کرنے کالا قانون ہے۔پنجاب ہی نہیں پی پی پی سندھ،پی ٹی آئی کے پی کے اور بلوچستان میں اتحادی حکومت عوام کو با اختیار مقامی حکومتوں کا نظام دینے کے لیے تیار نہیں ہیں۔پنجاب میں با اختیار بلدیاتی نظام کی تحریک پورے ملک میں پھیلے گی،جماعت اسلامی جمہوریت کی نرسری اور پائیدار جمہوری نظام کے لیے با اختیار بلدیاتی نظام کی جد و جہد جاری رکھے گی۔
لیاقت بلوچ نے کہا حکمران جماعتیں اور سول ملٹری اسٹیبلشمنٹ عوام پر خاندانوں،عیاش اشرافیہ اور مفاد پرست گرہوں کے تسلط کو قائم رکھنے کے لیے با اختیار بلدیاتی نظام کے انتخاب روکنے کے لیے متحد اور یک آواز ہیں۔عوامی طاقت پر امن جمہوری مزاحمت ہی غیر آئینی،غیر جمہوری مافیا کو پسپا کرے گی۔
لیاقت بلوچ نے کسان بورڈ کے قائدین کے وفد سے ملاقات میں کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں زراعت،کسان ہاری کو مکمل طور پر تباہ کر رہی ہیں۔گندم کے تیسرا سیزن پر فصل آرہی ہے لیکن وفاقی اور صوبائی حکومتیں کاشتکاروں کے نقصانات کے ازالہ کے لیے کوئی انقلابی اقدامات کرنے کے لیے تیار نہیں،گندم کا کاشتکاربرباد ہو گیا اب روزانہ کی بنیاد پر آٹا،روٹی کی قیمت بڑھتی جا رہی ہے،حکومت نے کسان ہاری کو زندہ دفن کر دیا اور ان کی محنت کی کمائی پر مڈل مین مافیا کی سر پرستی ہو رہی ہے۔گندم،کپاس،چاول،آلو اور گنا کی کاشت کار رل گیا حکمران ہوش کے ناخن لیں،جماعت اسلامی زراعت کو بربادی سے بچانے کے لیے پورے ملک میں منعظم تحریک چلائے گی۔