میں دھمکی سے نہیں ڈرتا اور نہ حکومت ڈرتی ہے ہمارے فیلڈ مارشل کو سب جانتے ہیں اس لئے کسی دھمکی سے کوئی مسئلہ نہیں۔ چیئرمین پی سی بی محسن نقوی

لاہور ( خصوصی رپورٹر ) پی ایس ایل کی فرنچائز ملتان سلطانز کی نیلامی کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے محسن نقوی نے کہا کہ بنگلادیش کا معاملہ اہم ہے ان کا مؤقف ہمیں جانے نہیں دینا تھا، آئی سی سی اوربنگلادیش بورڈ اس وقت اس مرحلے میں ہیں کہ کچھ کہنا مناسب نہیں انتظار کر رہے ہیں آئی سی سی کی طرف سے اطلاع آئی تو ضرور بتائیں گے۔
آئی سی سی حکام کی پاکستان آمد پر ان کا کہنا تھا کہ ہم نے گھر آئے مہمان کی عزت کرنا سیکھا ہے آئی سی سی چل کر ہمارے پاس آیا ہے تو بہت سی چیزیں بھول جاتے ہیں، میں دھمکی سے نہیں ڈرتا اور نہ حکومت ڈرتی ہے ہمارے فیلڈ مارشل کو سب جانتے ہیں اس لئے کسی دھمکی سے کوئی مسئلہ نہیں۔ محسن نقوی نے کہا کہ بہت سے ممالک نے اعلیٰ سطح پر ہم سے رابطہ کیا ہے کچھ دوست ممالک بھی موجود ہیں جنہیں اپنا مؤقف بیان کیا۔
گزشتہ روز چیئرمین پی سی بی محسن نقوی سے ڈپٹی چیئرمین آئی سی سی عمران خواجہ کی اہم ملاقات ہوئی تھی، اس ملاقات کا باقاعدہ اعلامیہ بھی تاحال کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری نہیں ہوا ہے، جو آج متوقع ہے۔
ذرائع کرکٹ بورڈ کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے یہ معاملہ حکومت کے کورٹ میں ڈال دیا ہے، اور اس سلسلے میں چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی آج وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات کا امکان ہے، اور ڈنر کے بعد رات گئے آئی سی سی کے ساتھ مذاکرات کا دوسرا دور متوقع ہے۔
پی سی بی اور آئی سی سی کی اس ملاقات میں بنگلادیش کرکٹ بورڈ کے صدر امین الاسلام بھی شامل تھے، ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ نے بنگلادیش کو ریونیو اور ایونٹس دلوانے کی یقین دہانی کرائی ہے، ملاقات کے بعد امین الاسلام واپس وطن روانہ ہو گئے۔
ذرائع کے مطابق محسن نقوی نے عمران خواجہ سے کہا کہ اب بھارت کے خلاف میچ کھیلنے کا فیصلہ حکومت کی ہدایت کے مطابق ہی ہو سکتا ہے، جب کہ بنگلادیش کو ایونٹ سے باہر کیے جانے کے باعث ہونے والے نقصان کی تلافی ضروری ہے، ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے بنگلادیش کے ساتھ ہونے والی زیادتی پر اصولی مؤقف اپنایا اور اسی بنیاد پر بھارت کے خلاف میچ کا بائیکاٹ کیا گیا۔

بولی کے آغاز پر سی ڈی وینچرز نے 215 کروڑ روپے کی بولی لگائی اور پھر بڑھاتے ہوئے 226 تک پہنچی، اس کے بعد ولی ٹیک نے ملتان سلطانز کی نیلامی کی سب سے زیادہ بولی 245 کروڑ روپے لگا کر کامیابی حاصل کرلی۔
— PakistanSuperLeague (@thePSLt20) February 9, 2026
پی سی بی کے مطابق مقررہ وقت کے اندر کُل 6 پروپوزلز موصول ہوئے، جن کی تفصیلی اور شفاف جانچ کے بعد 5 بڈرز کو تکنیکی طور پر اہل قرار دیا گیا جنہوں نے نیلامی میں حصہ لیا۔
ملتان کی ٹیم کی فروخت کے اس عمل نے پی ایس ایل کی مارکیٹ میں نیا ریکارڈ قائم کر دیا ہے، کیونکہ 2 ارب 45 کروڑ روپے کی قیمت نے اسے سب سے مہنگی فرنچائز بنا دیا۔
ولی ٹیکنالوجیز گروپ نے فرنچائز کی خریداری کے ساتھ ہی ٹیم کا نام راولپنڈی رکھنے کا اعلان کردیا۔
واضح رہے کہ ملتان سلطانز کے سابق مالک علی ترین نے 10 سالہ ملکیت کے معاہدے کی تجدید سے انکار کیا تھا جس کے بعد پی سی بی نے فرنچائز کی نیلامی کا اعلان کیا تھا، تاہم پی ایس ایل کی 2 نئی ٹیموں کی نیلامی کی کامیابی کے بعد کرکٹ بورڈ نے ملتان سلطانز کو بھی نیلام کرنے کا فیصلہ کیا۔
پی ایس ایل 11 میں 8 ٹیمیں شامل ہوں گی، جن میں ایک حیدرآباد اور سیالکوٹ کی ٹیمیں پہلی بار میدان میں اتریں گی، جن کی حال ہی میں نیلامی کی گئی۔




