نئی دہلی(ویب ڈیسک )
ہندوستان میں ایک دن میں دوسری بار کورونا وائرس کے ریکارڈ تقریبا 61 ہزار سے زائد نئے مریض سامنے آئے ہیں۔ہندوستانی میڈیا نے ہفتہ کے روز وزارت صحت کی جانب سے جاری تازہ ترین اعداد و شمار کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ایک ہی دن میں کورونا وائرس میں مزید 61 ہزار537 افراد مبتلا ہوئے جس سے کورونا کیسز کی تعداد بڑھ کر20 لاکھ 88 ہزار611 ہو گئی ہے اور 886 افراد کی ہلاکت کے ساتھ ہی اموات کی مجموعی تعداد42 ہزار518 تک جا پہنچی،ہندوستان میں کورونا سے صحت یابی کا سلسلہ بھی جاری ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 48 ہزار 900 افراد کے شفایاب ہونے کے بعد صحتت یاب ہونے والوں کی کل تعداد 14 لاکھ 87 ہزار 5 ہو گئی ہے۔دوسری جانب مرکزی حکومت نے کورونا وائرس کے پیش نظر صحت اور ایمرجنسی مینجمنٹ کے لئے 22 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام ریاستوں کو 890.32 کروڑ روپے کی دوسری قسط جاری کر دی ہے۔