کراچی(آن لائن)
وفاقی وزیر جہاز رانی و بندر گاہ سینیٹر کامران مائیکل کی ہدایت پر انسداد تجاوزات سیل کا گرینڈ آپریشن کراچی میں شروع کر دیا گیا۔ دو سو گھروں کی غیر قانونی تعمیر کا وفاقی وزیر نے نوٹس لے لیا اور انکو فوری طور پر مسمار کرانے کی ہدایات جاری کی۔
وفاقی وزیر گزشتہ روز آپریشن کی براہ راست نگرانی کے لئے کراچی آئے اور غیر قانونی تجاوزات جو کہ کراچی پورٹ ٹرسٹ کی زمین پر کھڑی کی گئی تھی انکو مسمار کرنے کا حکم دیا۔ آپریشن میں پورٹ سیکیورٹی فورسز اور متعلقہ علاقہ کی پولیس نے حصہ لیا۔ کامران مائیکل کی ہدایات پر ۵۰ گدام قبضہ مافیا سے واگزار کرا کر مسمار کردئیے گئے اور دو سو غیر قانونی گھروں کو بھی مسمار کر دیا گیا۔
مچھر کالونی کراچی کے اس آپریشن میں70 ایکڑ زمین جو کہ کراچی پورٹ ٹرسٹ کی ملکیت تھی کو واگزار کرا کر کراچی پورٹ کے حوالے کی گئی۔وفاقی وزیر سینیٹر کامران مائیکل نے کراچی پورٹ کی زمین پر قابضین کا تمام ریکارڈ منگوا لیا ہے اور اس کی جانچ پڑتال کے احکامات جاری کر دیئے ہیں۔
وفاقی وزیر کا کہنا ہے کہ آپریشن ہر قیمت پر جاری رہے گا اور کسی قسم کا سیاسی دباو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ چاہے قابضین کتنے طاقتور کیوں نہ ہوں ان سے کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی اور بندر گاہ کی زمین کا ایک ایک انچ واگزار کرائیں گے۔ وفاقی وزیر نے ہدایت کی کہ آپریشن کے متعلق ایک ایک دن کی رپورٹ انکو بھیجی جائے۔