راولاکوٹ/ سرینگر
پاکستان اور بھارت کے درمیان کنٹرول لائن پر افواج کے بریگیڈ کمانڈرز کے درمیان چکاں داباغ پونچھ کراسنگ پوائنٹ پر فلیگ میٹنگ ہوئی جس میں لائن آف کنٹرول پر کشیدگی کے خاتمے پر اتفاق اور بھارت نے جارحیت کو محدود کرنے اور کشیدگی کے خاتمے کیلئے عملی اقدامات اٹھانے کا فیصلہ کیا۔پاکستان اور بھارت کے درمیان لائن آف کنٹرول پر کشیدگی کے خاتمے کیلئے پاکستان اور بھارتی افواج کے بریگیڈیئرز کے درمیان فلیگ میٹنگ کا انعقاد ہوا۔بھارتی محکمہ دفاع کے ترجمان ایس این اچاریہ نے میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ فلیگ میٹنگ کے دوران جن مسائل کے حل پر بات چیت کی گئی ان میں سیز فائرکی خلاف ورزی ،شہریوں کو ہدف بنانا اور سنائپنگ ایکشن شامل ہیں۔اچاریہ نے بتایاکہ میٹنگ میں دونوں ممالک نے جارحیت کو محدود کرنے اور کشیدگی کے خاتمے کیلئے عملی اقدامات اٹھانے کا فیصلہ کیا۔یہ میٹنگ تقریباً ایک گھنٹہ تک جاری رہی۔رپورٹ کے مطابق دونوں اطراف کے عسکری حکام کے درمیان پونچھ کراسنگ پوائنٹ پر پیر کے روز ساڑھے گیارہ بجے فلیگ میٹنگ ہوئی۔ پاکستان کی جانب سے بریگیڈ کمانڈر پونچھ راولاکوٹ بریگیڈیئر عثمان جبکہ بھارت کی جانب سے 121بریگیڈ کے کمانڈر بریگیڈیئر ایچ ایس سرین نے قیادت کی۔فلیگ میٹنگ کے دوران پاک بھارت فیلڈ کمانڈرز نے کشیدگی کے خاتمے کے طریقہ کار پر بات چیت کی۔دریں اثناء بھارتی وزیر مملکت کرن رجیجو نے کہاکہ لائن آف کنٹرول پر کشیدگی کے خاتمے کیلئے دونوں ممالک کے عسکری حکا م درمیان فلیگ مییٹنگ کا انعقاد باہمی اعتماد سازی کے فروغ میں مددگار ثابت ہوگی۔انہوں نے کہاکہ یہ فلیگ میٹنگ ڈی جی سطح کی ملاقات کا فالو اپ ہے۔اس سے دونوں ممالک کے درمیان اعتماد بحال ہوگا۔انہوں نے کہاکہ دونوں ممالک کے درمیان بہتر توازن ہونا چاہیے اور بہترنتائج کی امید رکھنی چاہیے۔یاد رہے کہ دونوں ممالک کے بریگیڈ کمانڈرز کے درمیان یہ میٹنگ دوسال کے وقفے کے بعد منعقد ہوئی۔