• امریکا بھارتی حکام کے ساتھ بات چیت میں انسانی حقوق سے متعلق تحفظات کا اظہار کرتا رہتا ہے، ترجمان محکمہ خارجہ میتھیو ملر کی پریس بریفنگ

واشنگٹن (ویب نیوز)

امریکی وزارت خارجہ کے ترجمان میتھو ملر نے کہا ہے کہ مانتے ہیں پاکستان نے انسداد دہشت گردی کے لیے بہت سے اقدامات کیے ہیں، بھارت اور پاکستان سے کہتے ہیں کہ لائن آف کنٹرول پر سیز فائر جاری رکھیں، امریکا بھارتی حکام کے ساتھ بات چیت میں انسانی حقوق سے متعلق تحفظات کا اظہار کرتا رہتا ہے۔واشنگٹن میں پریس بریفنگ کے دوران ترجمان امریکی محکمہ خارجہ میتھیو ملرنے کہا کہ پاکستان تمام دہشتگرد گروہوں پر پابندی کو یقینی طور پر جاری رکھنے کے لیے اقدامات کرتا رہے۔ ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ دہشتگردی سے پاکستان کے عوام کئی برسوں سے متاثرہوئے۔ پاکستان کی جانب سے انسداد دہشتگردی کے لیے کیے گئے اقدامات کو تسلیم کرتے ہیں تاہم پاکستان کو دہشتگرد گروپوں کے مکمل خاتمے کے لیے مزید اقدامات کرنا چاہئیں۔ترجمان امریکی وزارت خارجہ نے کہا کہ ان گروہوں میں لشکر طیبہ، جیش محمد سمیت ان کے دیگر ذیلی گروہ شامل ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ امریکا اس سلسلے میں پاکستانی حکام سے مسلسل رابطے میں ہے، جو کہ 2023کے انسداد دہشت گردی کے ڈائیلاگ کا حصہ تھا۔میتھو ملر نے کہا کہ بھارت اور پاکستان سے کہتے ہیں کہ لائن آف کنٹرول پر سیز فائر جاری رکھیں۔انہوں نے مزید کہا کہ انسانی حقوق پر بھارت سے تشویش کرتے رہتے ہیں، امریکا بھارتی حکام کے ساتھ بھارت میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر مستقل بات کرتا رہتا ہے اور آئندہ بھی بھارت میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر تحفظات کا اظہار کرتے رہیں گے ،صدر بائیڈن نے بھی اپنی پریس کانفرنس میں اس مسئلے کو اٹھایا۔