پاکستان کی اقتصادی کامیابی کے لئے غیر متزلزل حمایت جاری رکھیں گے، امریکا

امریکا پاکستان سمیت کسی ملک پر دباؤ نہیں ڈالتا کہ وہ امریکا یا چین سے تعلقات رکھے

پاکستان کو آئندہ بہت محنت کرنا ہوگی تاکہ طویل المدت اقتصادی بحالی اور خوشحالی کی پائیدار راہ پر گامزن رہ سکے

پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان اسٹاف لیول معاہدے کو سراہتے ہیں،مشکل وقت میں پاکستان کے عوام کے ساتھ ہیں، ترجمان امریکی محکمہ خارجہ

واشنگٹن(ویب  نیوز)

امریکا نے کہاہے کہ پاکستان کی اقتصادی کامیابی کے لیے غیر متزلزل حمایت جاری رکھیں گے،مشکل وقت میں پاکستان کے عوام کے ساتھ ہیں،پاکستان کو آئندہ بہت محنت کرنا ہوگی تاکہ طویل المدت اقتصادی بحالی اور خوشحالی کی پائیدار راہ پر گامزن رہ سکے،امریکا پاکستان سمیت کسی ملک پر دباؤ نہیں ڈالتا کہ وہ امریکا یا چین سے تعلقات رکھے۔ امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان میتھیو ملر نے میڈیا بریفنگ میں  پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان اسٹاف لیول معاہدے کو سراہتے ہوئے پاکستان کے ساتھ اقتصادی روابط مسلسل برقرار رکھنے پر زور دیا ۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ مشکل وقت میں پاکستان کے عوام کے ساتھ ہیں۔ پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان اسٹاف لیول معاہدے میں پیشرفت کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ ملک کی اقتصادی کامیابی کے لیے ہماری حمایت غیر متزلزل ہے۔انہوں نے کہا کہ تجارت اور سرمایہ کاری کومضبوط بنانے کے لیے پاکستان کے ساتھ تیکنیکی رابطے جاری رکھیں گے جو دو طرفہ تعلقات کی ترجیحات ہیں۔ امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ پاکستان کو آئندہ بہت محنت کرنا ہوگی تاکہ طویل المدت اقتصادی بحالی اور خوشحالی کی پائیدار راہ پر گامزن رہ سکے۔اس سلسلے میں پاکستان کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔ ایک سوال کے جواب میں ترجمان میتھیو ملر کا کہنا تھا کہ پاکستان کے ساتھ تجارت اور سرمایہ کاری کو مضبوط کریں گے، امریکا پاکستان سمیت کسی ملک پر دباؤ نہیں ڈالتا کہ وہ امریکا یا چین سے تعلقات رکھے۔میتھیو ملر کا مزید کہنا تھا کہ ایسے راستے تلاش کرتے رہیں گے جس سے پاک امریکا تعلقات مزید بڑھیں۔