امریکا کا پاک بھارت کرتار پور راہداری منصوبے کا خیرمقدم
امریکا ایسے تمام اقدامات کی حمایت کرتا ہے جو پاک بھارت کے لوگوں کو ایک دوسرے سے قریب کرے
عمران خان سرکاری دورے پر آئندہ ہفتے آرہے ہیں اور صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے وائٹ ہائوس میں ملاقات کریں گے،مورگن آرٹیکس
واشنگٹن(صباح نیوز) امریکا نے کرتارپور راہداری منصوبے پر پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والے مذاکرات کے دوسرے دور میں مثبت پیش رفت پر خیر مقدم کیا ہے۔امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان مورگن آرٹیگس نے پریس بریفنگ کے دوران صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے پاک بھارت کرتارپور راہداری منصوبے کو خوش آئند قرار دیا۔اس دوران امریکی ترجمان نے کہا کہ امریکا ایسے تمام اقدامات کی حمایت اور حوصلہ افزائی کرتا ہے جو پاک بھارت کے لوگوں کو ایک دوسرے سے قریب کرے۔پاکستانی وزیراعظم عمران خان کے دورہ امریکا سے متعلق ترجمان مورٹن آرٹیگس نے کہا کہ وہ سرکاری دورے پر آئندہ ہفتے آرہے ہیں اور صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے وائٹ ہائوس میں ملاقات کریں گے۔واضح رہے کہ گذ شتہ ہفتے کی پریس بریفنگ میں امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان نے عمران خان کے دورہ امریکا کی تصدیق نہیں کی تھی جس پر قیاس آرائیاں کی جا رہی تھیں۔بعدازاں وائٹ ہائوس اور پاکستان کے دفتر خارجہ نے بھی وزیراعظم کے دورہ امریکا کی تصدیق کی تھی۔ترجمان وائٹ ہائوس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا تھا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ وزیراعظم عمران خان کا 22 جولائی کو وائٹ ہائو س آنے پر خیر مقدم کریں گے۔وائٹ ہائو س کے ترجمان کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے دورے میں پاک امریکا تعاون کی مزید مضبوطی توجہ کا مرکز ہو گی، پاک امریکا تعاون کا مقصد خطے میں امن و استحکام اور معاشی خوشحالی لانا ہے۔اعلامیے میں کہا گیا کہ صدر ٹرمپ اور وزیرعظم عمران خان کے درمیان انسداد دہشتگردی، دفاع، توانائی اور تجارت سے متعلق امور پر بات چیت ہو گی۔ترجمان وائٹ ہائو س کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان بات چیت کا مقصد جنوبی ایشیا میں امن اور پاک امریکا دیرپا شراکت داری کا ماحول پیدا کرنا ہے۔