اسلام آباد (صباح نیوز)
چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات نے نیول ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد کا الوداعی دورہ کیا۔
ترجمان پاک بحریہ کے مطابق نیول ہیڈکوارٹرز اسلام آباد آمد پر پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے جنرل زبیر محمود حیات کا استقبال کیا۔ پاک بحریہ کے چاق و چوبند دستے نے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات کوگارڈ آ ف آنر پیش کیا۔
چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی نے پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی سے الوداعی ملاقات کی۔ نیول چیف نے مسلح افواج کے باہمی تعاون کو مضبوط بنانے میں جنرل زبیر محمود حیات کی غیر معمولی خدمات کو سراہا۔
ترجمان پاک بحریہ نے بتایا کہ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی نے پاک بحریہ کی صلاحیتوں میں اضافے کے لیے ایڈمرل ظفر محمود عباسی کی کاوشوں کی تعریف کی۔ بعدازاں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی نے پاک بحریہ کے پرنسپل سٹاف آفیسران سے بھی الوداعی ملاقات کی۔