کراچی (صباح نیوز)
لاک ڈاؤن پر عملدرآمد کرانے کے دوران مشتعل افراد نے خاتون ایس ایچ او پر حملہ کردیا، حملے میں وہ زخمی ہوگئیں ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق واقعہ کراچی کے علاقے اورنگی ٹاؤن میں پیش آیا،جہاں لاک ڈاؤن پر مکمل عملدرآمد کرانے پرمشتعل افراد نے خاتون پولیس افسر کو گھیرا، اسی دوران کسی نامعلوم شخص نے ان پر پتھر پھینکا جو ان کی ناک پر جا لگا، پتھر لگنے سے خاتون ایس ایچ او زخمی ہوگئیں۔ پولیس کے مطابق واقعے کی اطلاع ملتے ہی میں ڈی آئی جی ویسٹ موقع پر پہنچے جبکہ حملے میں ملوث افراد بھاگ گئے، ملوث افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے، جلد انہیں گرفتار کرلیا جائیگا۔
دوسری جانب جوڈیشل مجسٹریٹ آصف علی عباسی نے ایس ایچ او پر حملے کا نوٹس لیتے ہوئے واقعے کی فوری رپورٹ طلب کرلی ہے، عدالت نے ایس ایس پی اور ڈی آئی جی ویسٹ کو رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔