ملتان(صباح نیوز)
ملتان کے نشتر اسپتال میں کورونا کے خوف کے باعث صفائی کا عملہ کام چھوڑ کر چلا گیا ہے۔ یاد رہے کہ نشتر اسپتال کے ڈاکٹروں اور پیرامیڈیکل اسٹاف سمیت 18ملازمین میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جس کی وجہ سے وہاں خوف پھیل گیا ہے۔ محکمہ صحت پنجاب کا اس حوالے سے تسلیم کیا ہے کہ طبی عملے کے پاس ناکافی حفاظتی کٹس تھیں جس کے باعث یہ لوگ کورونا کا شکار ہوئے۔اسپتال کے متعدد ڈاکٹرز، نرسز، پیرا میڈیکس کے کورونا ٹیسٹ لیے جارہے ہیں جب کہ متاثرہ ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکس سے رابطے میں رہنے والے افراد کی بھی فہرست بھی تیار کی جارہی ہے۔رپورٹ کے مطابق محکمہ صحت پنجاب کا کہنا تھا کہ کورونا کے ڈرسے نشتر اسپتال کی صفائی کا عملہ کام چھوڑ گیا ہے یہی وجہ ہے کہ ڈاکٹر،نرسیں، پیرا میڈکس ہی مریضوں کی دیکھ بھال سمیت اسپتال کا ویسٹ تک اٹھانیکا کام کر رہے ہیں۔ نشتر اسپتال کے مریضوں کو کھانا دینے، بچوں کے فیڈر بنانے تک کا کام بھی طبی عملے کے ذمہ ہے کیونکہ انتظامیہ سمیت کوئی ادارہ طبی عملے کا ساتھ نہیں دے رہا ہے۔واضح رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس سے اب تک 5 ہزار 170 سے زائد کیسز رپورٹ ہو چکے ہیں جس میں سے 2400 سے زائد کا تعلق پنجاب سے ہے اور صوبے میں اب تک21 افراد جاں بحق بھی ہو چکے ہیں۔