پاکستان بھر میں کورونا کے مزید کیسز رپورٹ ہونے سے متاثرین کی تعداد 5477جبکہ جاں بحق افراد کی تعداد 95ہو گئی
پنجاب میں 2656،سندھ میں 1452، خیبرپختونخوا میں 744 اور بلوچستان میں 230 افراد وائرس سے متاثر ہو چکے
اسلام آباد میں 131، گلگت بلتستان میں 224 اور آزاد کشمیر میں 40 افراد کورونا وائرس کا شکار،مزید 67افراد صحتیاب
اسلام آباد (صباح نیوز)
پاکستان میں کورونا وائرس پھیلائو کا سلسلہ جاری ہے اور مزید کیسز رپورٹ ہونے سے ملک میں متاثرین کی تعداد 5 ہزار 477 جبکہ اموات 95 ہوگئی۔ پیر کو بھی ملک میں کورونا متاثرین کی تصدیق ہوئی اور سندھ، پنجاب اور اسلام آباد میں مزید نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔ وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ نے صوبے میں مزید 41 کیسز اور ایک موت کی تصدیق کی۔ سندھ میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں 531 ٹیسٹ کیے جس میں 41 لوگ مزید متاثر ہوئے جس کے بعد متاثرین کی تعداد 1452 ہوگئی ۔گذشتہ 24 گھنٹوں میں ایک موت بھی ہوئی جس کے بعد انتقال کرنے والوں کی تعداد 31 ہوگئی ، صوبے میں مزید 30 لوگ صحتیاب بھی ہوئے ہیں۔ پنجاب میں کورونا وائرس کے مزید 62 کیسز اور ایک موت کی تصدیق کی گئی۔ ترجمان پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر نے بتایا کہ صوبے میں 65 نئے کیسز سے متاثرین کی تعداد 2656 ہوگئی۔ انہوں نے بتایا کہ ان مجموعی کیسز میں زائرین سینٹر سے 701، رائے ونڈ سے منسلک 864، ایک ہزار 2 عام شہری اور 89 قیدی ہیں۔ مزید یہ کہ پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ کیئر ڈپارٹمنٹ نے صوبے میں ایک موت کی بھی تصدیق کی جس کے بعد وہاں اموات کی تعداد 24 ہوگئی۔ سرکاری سطح پر اعداد و شمار بتانے والی ویب سائٹ کے مطابق اسلام آباد میں مزید 12 افراد وائرس سے متاثر ہوئے۔ان نئے متاثرین کے بعد وفاقی دارالحکومت میں متاثرہ افراد کی تعداد 131 تک پہنچ گئی۔ ادھر جہاں پاکستان میں کیسز اور اموات میں تیزی دیکھی جارہی ہے وہیں صحتیاب افراد کی تعداد بھی بڑھ رہی ہے۔پیر کو آنے والے نئے اعداد و شمار میں پاکستان میں مزید 67 افراد وائرس کو شکست دے کر صحتیاب ہوگئے جس کے بعد ملک میں صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 1028 سے بڑھ کر 1095 تک پہنچ گئی ہے۔نئے اعداد و شمار کے بعد مجموعی ملکی صورتحال کو دیکھیں تو پنجاب میں 2656 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔اس کے علاوہ سندھ میں 1452،
خیبرپختونخوا میں 744 اور بلوچستان میں 230 افراد وائرس سے متاثر ہیں۔مزید برآں اسلام آباد میں 131، گلگت بلتستان میں 224 اور آزاد کشمیر میں 40 افراد کورونا وائرس کا شکار ہوچکے ہیں۔پاکستان میں ہونے والی 95 اموات میں ابھی تک سب سے زیادہ خیبرپختونخوا میں ہوئی ہیں۔